جموں و کشمیر

سعودی عرب سے حاجیوں کا پہلا قافلہ سری نگر پہنچ گیا

امسال ملک کے قریب 80 ہزار لوگوں نے فریضہ حج انجام دیا ان میں سے 7 ہزار کا تعلق جموں وکشمیر سے تھا۔ جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے حاجیوں کی آخری پرواز یکم اگست کو سری نگر ہوائی اڈے پر لینڈ کرے گی۔

سری نگر: سعودی عرب میں فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے 145 حاجیوں پر مشتمل پہلا قافلہ ہفتے کی صبح واپس لوٹا۔ حاجی صاحبان کے اس پہلے قافلے کی پرواز نے صبح کے7 بجکر 50 منٹ پر سری نگر ائیر پورٹ پر لینڈ کیا۔

 اور ان کے استقبال کے لئے صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے، ڈی آئی جی وسطی کشمیر سجیت کمار، ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام شہباز مرزا اور جموں و کشمیر حج کمیٹی کے ایگزیکیٹو افسر عبدالسلام میر موجود تھے۔

جموں وکشمیر حج کمیٹی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ 145 حاجیوں پر پہلا قافلہ سری نگر ہوائی اڈے پر پہنچا۔ دریں اثنا حاجی صاحبان کی واپسی کے پیش نظر سری نگر ہوائی اڈے پر ان کی امیگریشن کلیئرنس کو بغیر کسی دقت کے یقینی بنانے کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔

امسال ملک کے قریب 80 ہزار لوگوں نے فریضہ حج انجام دیا ان میں سے 7 ہزار کا تعلق جموں وکشمیر سے تھا۔ جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے حاجیوں کی آخری پرواز یکم اگست کو سری نگر ہوائی اڈے پر لینڈ کرے گی۔

قابل ذکر ہے کہ فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے عازمین کا پہلا قافلہ 5 جون کو سری نگر ہوائی اڈے سے روانہ ہوا تھا اور یہ قافلہ بھی 145 عازمین پر مشتمل تھا۔