پی سی بی نے عامر کو دعوت نامہ بھیج دیا
پی سی بی نے سابق فاسٹ بولر محمد عامر کو نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور بلایا ہے۔ رمیز راجہ اور عامر کے درمیان اچھے تعلقات نہیں تھے لیکن سیٹھی کی قیادت میں پی سی بی کا نیا نظام عامر کے استقبال کیلئے تیار ہے۔

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ ٹیم میں اس وقت بہت کچھ ہورہا ہے۔ جب سے رمیز راجہ کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیرمین کے عہدے سے ہٹاکر نجم سیٹھی کو باگ ڈور سونپی گئی ہے مسلسل تبدیلیاں دیکھنے میں آرہی ہیں۔ پی سی بی نے نئی سلیکشن کمیٹی تشکیل دے دی ہے اور اب اپنے ایک پرانے اسٹار بولر کو واپس لانے کی کوشش کررہا ہے۔
پی سی بی نے سابق فاسٹ بولر محمد عامر کو نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر لاہور بلایا ہے۔ رمیز راجہ اور عامر کے درمیان اچھے تعلقات نہیں تھے لیکن سیٹھی کی قیادت میں پی سی بی کا نیا نظام عامر کے استقبال کیلئے تیار ہے۔
عامر وہ کھلاڑی ہیں جنہوں نے پاکستان کو چمپئنس ٹرافی 2017 کا ٹائٹل دلانے میں بڑا کردار ادا کیاہے۔ انہوں نے فائنل میں ہندوستان کے خلاف شاندار بولنگ کی۔ عامر کو نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں ٹریننگ سے روک دیا گیاتھا۔
انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی، اسی لیے یہ فیصلہ کیاگیا۔ پی سی بی کے سابق چیرمین رمیز راجہ نے ان تمام کرکٹرز پر ایسی ہی پابندیاں عائد کی تھیں جنہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
پی سی بی کے نئے چیرمین نجم سیٹھی نے عامر کی سرکٹ میں واپسی کی منظوری دے دی ہے۔ پی سی بی نے عامر کو نیشنل ہائی پرفارمرز سنٹر بلایا ہے۔ وہ نجم سیٹھی سے ملاقات بھی کرسکتے ہیں۔
اس خبر کے منظر عام پر آنے کے بعد یہ قیاس آرائیاں بھی کی جارہی ہیں کہ عامر کی پاکستان ٹیم میں واپسی ہوسکتی ہے۔ اس وقت پاکستان کو ایسے بولر کی ضرورت ہے جو تجربہ کار ہو اور اپنے کھیل سے اثر چھوڑسکے۔ عامر میں بھی ایسی صلاحیت ہے۔
ایک زمانے میں عامر کا شمار دنیا کے بہترین بولرس میں ہوتا تھا۔ عامر وہ بولر ہے جو 2010 میں انگلینڈ میں فکسنگ میں ملوث تھے۔ اس وقت کے پاکستانی کپتان سلمان بٹ اور محمد آصف بھی ان کے ساتھ پھنس گئے تھے۔ عامر پر اسی وجہ سے پابندی لگائی گئی اور پھر انہوں نے واپسی کی۔ واپسی کے دوران انہوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے آئی سی سی چمپئنس ٹرافی کے فائنل میں ہندوستان کے خلاف جو بولنگ کی تھی وہ آج بھی یاد ہے۔ اس میچ میں عامر نے ٹیم انڈیا کے ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کردیا اور ویراٹ کوہلی اور روہت شرما جیسے کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔