کھیل

سوریہ کماریادو ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر

رضوان نے رواں ہفتے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری ٹی ٹوئنٹی سیریز میں تین میچوں میں 184 رنز کا اضافہ کیا ہے اور وہ 861 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں۔

دبئی: ہندوستان کے مڈل آرڈر بلے باز سوریہ کمار یادو آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 سیریز میں شاندار کارکردگی کی بدولت آئی سی سی ٹی 20 آئی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

چہارشنبہ کو آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی رینکنگ کے مطابق، سوریہ کمار 801 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹی 20 بلے بازوں کی رینکنگ میں ایک مقام چڑھ کر دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ پاکستان کے سلامی بلے باز محمد رضوان پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں۔

سوریہ کمار نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں 187 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے میں ہندوستان کو 36 گیندوں پر 69 رنز بنانے میں مدد کی تھی۔ وہ رینکنگ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم (تیسرے نمبر پر) اور جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم (چوتھے نمبر) سے آگے دوسرے نمبر پر ہیں، لیکن ٹاپ رینک والے رضوان سے 60 پوائنٹ پیچھے ہیں۔

رضوان نے رواں ہفتے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری ٹی ٹوئنٹی سیریز میں تین میچوں میں 184 رنز کا اضافہ کیا ہے اور وہ 861 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر برقرار ہیں۔ ادھر آسٹریلیائی سیریز میں آٹھ وکٹیں لینے والے اکسر پٹیل گیندبازوں کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں 15 درجے کی چھلانگ لگا کر 18 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

 دوسری جانب، بھونیشور کمار ڈیتھ اوورز میں مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے ایک مقام کھسک کر 10ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ ہاردک پانڈیا آل راؤنڈرز کی ٹی 20رینکنگ میں سری لنکا کے وینندو ہسرنگا کے ساتھ مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر ہیں۔