کیچ پر اختلاف ظاہر کرنے کے سبب سیمسن پر جرمانہ
سیمسن کو ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.8 کے تحت امپائر کے فیصلے سے اختلاف کا اظہار کرنے پر لیول ون جرم کا قصوروار پایا گیا۔ انہوں نے قصور اور میچ ریفری کی سزا کو تسلیم کیا۔

نئی دہلی: انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں راجستھان رائلز کے کپتان سنجو سیمسن پر دہلی کیپٹلس کے خلاف کل کھیلے گئے میچ کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر ان کی میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
سیمسن کو ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.8 کے تحت امپائر کے فیصلے سے اختلاف کا اظہار کرنے پر لیول ون جرم کا قصوروار پایا گیا۔ انہوں نے قصور اور میچ ریفری کی سزا کو تسلیم کیا۔
منگل کو ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں 222 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سیمسن 16ویں اوور میں مکیش کمار کی گیند پر لانگ آن پر شائی ہوپ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
ہوپ نے باؤنڈری لائن کے قریب کیچ لیا اور اپنے پیر جمانے سے پہلے تھوڑی دیر کے لیے لڑکھڑا گئے۔ اس بارے میں غیر یقینی صورتحال تھی کہ آیا ان کا پاؤں باؤنڈری کو چھو گیا تھا یا نہیں، آن فیلڈ امپائرز نے ٹی وی امپائر مائیکل گف کو بلایا جنہوں نے کیچ آؤٹ کا فیصلہ دیا۔
میدان چھوڑنے سے پہلے سیمسن کی آن فیلڈ امپائرز کے ساتھ طویل بحث ہوئی۔ آر آر کے ہیڈ کوچ کمار سنگاکارا نے میچ کے بعد کی پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ ری پلے اور اینگل پر منحصر ہے اور کبھی کبھی آپ کو لگتا ہے کہ ٹانگ چھو گئی ہے، لیکن تھرڈ امپائر کے لیے فیصلہ لینا مشکل ہوتا ہے۔ کھیل فیصلہ کن مرحلے میں تھا، کرکٹ میں ایسا ہوتا ہے۔ اس بارے میں ہمارے نظریئے الگ الگ ہیں۔