دہلی اور بنگلورو سے کئے جانے والے وعدوں پر بھروسہ نہ کریں
کارگزار صدر بی آر ایس کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ریاست کے عوام، دہلی اور بنگلورو سے کئے جانے والے وعدوں پر بھروسہ کرتے ہوئے اپنے مستقبل کوتاریکی کی نذر نہ کریں۔
حیدرآباد: کارگزار صدر بی آر ایس کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ریاست کے عوام، دہلی اور بنگلورو سے کئے جانے والے وعدوں پر بھروسہ کرتے ہوئے اپنے مستقبل کوتاریکی کی نذر نہ کریں۔
آج دنڈیگل میں دوسرے مرحلہ کے تحت ڈبل بیڈروم مکانات کی تقسیم کے لئے منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ہوا میں باتیں کررہی ہے، کام کے ذریعہ عوام کے دلوں میں جگہ بنانے میں ناکام رہنے کے بعد اب جھوٹے اورناقابل عمل وعدوں کے ذریعہ گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
نئے نئے رنگوں میں سامنے آر ہی ہے، من مانی وعدے کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ان وعدوں کے ذریعہ دھوکہ کا شکار نہیں ہونا چاہئے۔ جلدبازی کا مظاہرہ نہ کریں۔
اس بات پر غور کریں کہ کیا غریب عوام، کسانوں سے ہمدردی رکھنے والے کے سی آر سے زیادہ کوئی اور ہمدرد قائد ملک میں موجود ہے؟ آج کانگریس جس گیارنٹیز کا اعلان کررہی ہے اس سے دو سو گنا زیادہ بی آ رایس عوام تک پہنچا چکی ہے۔
کے سی آر کا بھی نظریہ یہی ہے کہ اپوزیشن کے وعدوں سے کہیں زیادہ عوام کو سہولتیں فراہم کریں اور یقینی طور پر ان سے زیادہ کیا جائے گا۔ بہت جلد کے سی آر خود اپنے انتخابی منشور میں عوام سے وعدہ کریں گے۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ صرف 9 برس قبل تشکیل دی گئی تلنگانہ کی کے سی آر کی قیادت میں ہمہ گیر ترقی قابل رشک رہی ہے۔
ایک وقت تھا جب حیدرآباد میں ہر گلی محلہ میں پینے کے پانی کیلئے جھگڑا عام بات تھی مگر آج حالات تبدیل ہوگئے ہیں۔ اتنا پانی دیا جارہا ہے کہ پانی رکھنے کیلئے برتن کم پڑرہے ہیں۔ شہر کی صورتحال بھی بدل گئی ہے۔ شہر میں بہترین سڑکوں کا جال بچھا ہوا ہے۔
اس بے مثال ترقی کو روکنے کیلئے کئی برساتی قائدین آرہے ہیں۔ آپ سے دلفریب وعدے کریں گے۔ دھوکہ دینے کی کوشش کریں گے مگر میری آپ سے اپیل ہے کہ آپ ان کی باتوں میں آکر گمراہ نہ ہوں اور اپنے تابناک مستقبل کو تاریکی میں نہ ڈھکیلیں۔