مہاراشٹرا

عوام بلا خوف وخطر سال نو کا جشن منائیں: ممبئی پولیس کمشنر

کمشنر پولیس نے کہا کہ ممبئی شہر میں 144کا اطلاق ضرور ہے لیکن اس کا مطلب کرفیو نہیں ہے عوام کی حفاظت کیلئے ممبئی پولیس پوری طرح سے تیار ہے اور بھیڑ بھاڑ والے مقامات سے لے کر جشن کی تقریبات پر پولیس کا پہرہ رہے گا۔

ممبئی: ممبئی پولیس تھرٹی فرسٹ نائٹ اور سال نو کے جشن کے استقبال کیلئے پوری طرح سے مستعد ہے – ممبئی پولیس کمشنر وویک پھنسلکر نے یہ دعوی کیا ہے – انہوں نے کہا کہ ممبئی شہر میں 144کا اطلاق ضرور ہے لیکن اس کا مطلب کرفیو نہیں ہے عوام کی حفاظت کیلئے ممبئی پولیس پوری طرح سے تیار ہے اور بھیڑ بھاڑ والے مقامات سے لے کر جشن کی تقریبات پر پولیس کا پہرہ رہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ممبئی میں تھرٹی فرسٹ سے قبل ایک ہی رات میں ممبئی پولیس نے 223 مقامات پر کامبنگ آپریشن کو انجام دیا جس میں 1471 جرائم پیشہ کی تلاشی لی گئی- اسی دوران 29 مفرور ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے- اس کے ساتھ ہی 142 تڑی پار شہر بدر ملزمین میں سے 64 کو گرفتار کیا گیا-

عدالت سے غیر ضمانتی وارنٹ میں مطلوب 131 ملزمین کو گرفتار کیا گیا-ممبئی پولیس کے تحت 31 کارروائی کی گئی غیر قانونی کاروبار پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران 38 مقامات پر چھاپہ مارا گیا اور اس میں 55 کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے-

اس کے ساتھ ہی پولیس نے انسداد شراب نوشی اور قمار بازی کے معاملے میں 73 مقدمہ درج کیا ہے موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت 2300 کارروائی کی گئی ہے رش ڈرائیونگ کے 60کیس درج کئے گئے ہیں۔

وویک پھنسلکر نے بتایا کہ ایک ہی رات میں اتنے بڑے پیمانے پر کارروائی میری دانست میں پہلی مرتبہ ہوئی ہے کیونکہ اس میں کئی ملزمین کو پولیس نے گرفتار کر کے عدالتی حکم کی بھی تعمیل کی ہے۔

 انہوں نے کہا ہے کہ ممبئی شہر میں سال نو کے جشن کے پیش نظر حفاظتی انتظامات سخت کر دئیے گئے ہیں آتش بازی, ڈراؤن, فلائنگ قندیل, سمیت دیگر ممنوعہ اشیاء پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اس کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی۔

 انہوں نے کہا کہ شہر میں دہشت گردانہ حملوں کا خطرہ بھی لاحق ہوتا ہے اس لئے مہاراشٹر اے ٹی ایس کے ساتھ ہماری مشترکہ میٹنگ ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ عوام کو بلا خو ف و خطر نئے سال کا جشن منانا چاہئے پولیس ہر طرح کے خطرہ سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔

ممبئی پولیس کمشنر نے دعوی کیا ہے کہ ٹریفک کے قوانین پر عمل آوری کیلئے بھی احکامات جاری کئے گئے ہیں اور ٹریفک جام کی صورتحال میں سڑکوں کو بند کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے جنوبی ممبئی اور مضافاتی علاقوں میں ٹریفک متاثر نہ ہو اس کیلئے منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور اسی مناسبت سے اس پر عمل کیا جائے گا۔ شہریوں کو کسی بھی قسم کی کوئی تکلیف نہ ہو اس لئے گیٹ وے آف انڈیا,جوہو چوپاٹی, اور ساحل سمندر پر پولیس کا سخت بندوبست تعینات ہوگا۔

بقول وویک پھنسلکرجشن کے دوران لڑکیوں کے ساتھ چھیڑ خانی ناقابل برداشت ہے اگر کوئی اس میں ملوث پایا جاتا ہے تو اس پر سخت کارروائی ہوگی پولیس نے شراب خانوں ہوٹلوں اور جشن کے منتظمین کو بھی اسکی خاص ہدایت جاری کی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ منشیات فروشوں پر کارروائی کیلئے پولیس نے آپریشن میں شدت پیدا کر دی ہے اور ان آپریشن کے تحت پولیس نے ایسے منشیات فروشوں کی فہرست تیار کی ہے جو منشیات فروشی میں ملوث پائے گئے ہیں اب یہ منشیات فروش جیل ہے یا پھر دوبارہ جرم کا ارتکاب کر رہے ہیں۔

 اس فہرست کو کرائم برانچ اور انٹی نارکوٹکس سیل کو فراہم کر دیا گیا ہے اور اسی مناسبت سے منشیات فروشوں پر بھی کارروائی کی جارہی ہے -انہوں نے کہا ہے کہ ممبئی کے شہریوں کو نئے سال کے جشن میں محتاط رہنے کی ضرورت ہے اگر کوئی مشتبہ افراد یا مشتبہ شئے نظر آتی ہے تو اس کی اطلاع وہ پولیس کو فراہم کرے۔