عوام پھر سے ماسک لگانا شروع کردیں
چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے پیر کے دن کہا کہ اڈینو وائرس سے ریاست میں تاحال 6 بچوں کی موت واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ پھر سے ماسک لگانا شروع کردیں تاکہ اس وائرس سے نمٹا جائے۔
کولکتہ: چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے پیر کے دن کہا کہ اڈینو وائرس سے ریاست میں تاحال 6 بچوں کی موت واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ پھر سے ماسک لگانا شروع کردیں تاکہ اس وائرس سے نمٹا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایک بچہ کے ارکان خاندان بھی وائرس سے متاثر ہوئے ہیں لیکن انہوں نے اس کی تفصیل نہیں بتائی۔ ممتا بنرجی نے ریاستی اسمبلی میں کہا کہ تنفس کے انفیکشن (اے آر آئی) کی وجہ سے تاحال 19 افراد فوت ہوئے ہیں۔
ان میں 13 کو پہلے سے دوسری بیماریاں تھیں اور 6 بچے اڈینو وائرس کی وجہ سے مرے ہیں۔ میرا عوام سے کہنا ہے کہ وہ فی الحال ماسک لگانا شروع کردیں۔
گھبرائیں نہیں‘ بخار ہو تو فوری ڈاکٹر کے پاس جائیں۔ ممتا بنرجی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مغربی بنگال میں طبی خدمات کافی بہتر ہوگئی ہیں۔
اپوزیشن نے ریاست میں ہیلت انفرااسٹرکچر پر سوال اٹھایا تھا اس پر پلٹ وار کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ بایاں بازو دور میں کوئی اسپیشل نیو بارن کیر یونٹس نہیں تھے جبکہ آج 138 دواخانوں میں ایسے 2486 یونٹس موجود ہیں۔
چیف منسٹر نے گزشتہ ہفتہ کہا تھا کہ اڈینو وائرس کی صورتِ حال سے نمٹنے ان کے اڈمنسٹریشن نے کافی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے کہا تھا کہ ہم نے 5 ہزار بستر تیار رکھے ہیں اور 600 ڈاکٹروں کو ایسے کیسس سے نمٹنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ مغربی بنگال میں گزشتہ چند ہفتوں سے بچوں کی اموات ہورہی ہیں۔