لفٹ کے اندر پالتو کتے کا کمسن لڑکیوں پر حملہ، سی سی ٹی وی فوٹیج نے رہائشیوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا (ویڈیو)
ممبئی کی ایک بلند و بالا رہائشی عمارت کی لفٹ میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک پالتو کتا اچانک مشتعل ہو گیا اور اس نے وہاں موجود تین کمسن لڑکیوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔
دہلی: ممبئی کی ایک بلند و بالا رہائشی عمارت کی لفٹ میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک پالتو کتا اچانک مشتعل ہو گیا اور اس نے وہاں موجود تین کمسن لڑکیوں پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔
سی سی ٹی وی (CCTV) کیمرے میں قید ہونے والا یہ واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی شام مغربی مضافاتی علاقے ملاڈ میں واقع ‘شیٹھ آئرین ٹاور’ میں پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی شکایت درج کرائی گئی ہے، جبکہ کتے کی مالکن کے پاس اپنے پالتو جانور کو لفٹ میں لے جانے کی اجازت موجود تھی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون اپنے پالتو کتے کے ساتھ لفٹ میں داخل ہوتی ہے جبکہ لڑکیاں پہلے سے وہاں موجود تھیں۔ لفٹ کا دروازہ بند ہوتے ہی، منہ پر حفاظتی ماسک (Muzzle) بندھا ہونے کے باوجود کتا اچانک جارحانہ ہو گیا اور اس نے لڑکیوں پر چھلانگ لگا دی، جس سے اس تنگ جگہ پر شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
فوٹیج میں دیکھا گیا کہ کتے کی مالکن اسے قابو میں کرنے کی پوری کوشش کر رہی تھی کیونکہ وہ مسلسل جھپٹنے کی کوشش کر رہا تھا۔ اس دوران دو لڑکیاں کسی طرح لفٹ سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئیں جبکہ ایک لڑکی اندر ہی پھنس گئی اور کتا مالکن کی روک تھام کے باوجود مسلسل اس کی طرف لپکتا رہا۔
جیسے ہی لفٹ مطلوبہ منزل پر پہنچی، لڑکی تیزی سے باہر کی طرف بھاگی جبکہ کتے نے اس کا پیچھا کرنے کی کوشش کی، تاہم مالکن نے اسے پیچھے کھینچ کر کسی بڑے نقصان سے بچا لیا۔
ویڈیو کے آخر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کتا اپنی مالکن کو بھی لفٹ سے باہر گھسیٹنے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ وہ اسے روکنے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا، لیکن اس ویڈیو نے رہائشیوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔