قومیمہاراشٹرا

عامر خان کو لارنس بشنوئی گینگ کے نام پر دھمکی

بالی ووڈ اداکار عامرخان کو مبینہ دھمکی ملی ہے۔ جیل میں بند جرائم پیشہ سرغنہ لارنس بشنوئی سے روابط کا دعویٰ کرنے والوں نے عامرخان پر لو جہاد کو بڑھاوا دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ ممبئی پولیس سوشل میڈیا پوسٹ اور وائس نوٹ کی صداقت کی جانچ کررہی ہے۔

ممبئی (پی ٹی آئی) بالی ووڈ اداکار عامرخان کو مبینہ دھمکی ملی ہے۔ جیل میں بند جرائم پیشہ سرغنہ لارنس بشنوئی سے روابط کا دعویٰ کرنے والوں نے عامرخان پر لو جہاد کو بڑھاوا دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ ممبئی پولیس سوشل میڈیا پوسٹ اور وائس نوٹ کی صداقت کی جانچ کررہی ہے۔ عہدیداروں نے ہفتہ کے دن یہ بات بتائی۔

سٹی پولیس کمشنر دیون بھارتی نے کہا کہ پولیس سوشل میڈیا پوسٹ اور وائس نوٹ کی صداقت کی جانچ میں لگی ہے۔ عامرخان نے یا ان کے کسی نمائندہ نے تاحال اس سلسلہ میں کوئی شکایت درج نہیں کرائی ہے۔ خود کو آرزو بشنوئی اور ٹائسن بشنوئی بتانے والے 2 افراد نے سوشل میڈیا پوسٹ اور وائس کلپ کے ذریعہ دھمکی دی۔ انہوں نے خود کو لارنس بشنوئی کے ساتھی بتایا ہے۔

انہوں نے گوری اسپراٹ کے ساتھ عامر خان کی حالیہ تیسری شادی کے حوالہ سے ان پر لو جہاد کو بڑھاوا دینے کا الزام عائد کیا اور خبردار کیا کہ ایسے لوگوں کو نتائج بھگتنے ہوں گے۔

بشنوئی اور اس کے سنڈیکیٹ نے کئی سال تک اداکار سلمان خان کو ستایا۔ حال میں امریکہ نے لارنس بشنوئی اور اس کے ساتھی ستیندر جیت سنگھ عرف گولڈی برار پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے کینیڈا میں خالصتانی علیحدگی پسند ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا حکم دیا تھا۔ جاریہ سال کے اوائل میں ممبئی کے جوہو علاقہ میں فلم ساز روہت شیٹی کی 9 منزلہ عمارت کی پہلی منزل پر کم ازکم 5 راؤنڈ فائرنگ ہوئی تھی۔

ایک گولی عمارت کے اندر موجود جم کے شیشہ میں پھنس کر رہ گئی تھی۔ ممبئی پولیس نے اپریل میں خصوصی مکوکا عدالت میں 17 ملزمین کے خلاف 1624 صفحات کی چارج شیٹ داخل کی تھی۔ 15 افراد گرفتار کئے گئے تھے جبکہ شبھم لونکر اور آرزو بشنوئی کو مطلوب ملزم دکھایا گیا تھا۔