دہلی

دفعہ 370 کی برخاستگی کے خلاف درخواستیں: دسہرہ کی تعطیلات کے بعد سماعت

سپریم کورٹ نے جمعہ کے دن آمادگی ظاہر کی کہ وہ جموں وکشمیر سے دفعہ 370کی برخاستگی کے خلاف داخل درخواستوں کی سماعت دسہرہ کی چھٹیوں کے بعد کرے گی۔

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کے دن آمادگی ظاہر کی کہ وہ جموں وکشمیر سے دفعہ 370کی برخاستگی کے خلاف داخل درخواستوں کی سماعت دسہرہ کی چھٹیوں کے بعد کرے گی۔

چیف جسٹس اُدئے اومیش للت‘ جسٹس اندرا بنرجی اور جسٹس رویندر بھٹ پر مشتمل بنچ نے کہا کہ ہم یقینا اس کی لسٹنگ کریں گے۔

جاریہ سال 25 اپریل کو اُس وقت کے چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا کی بنچ نے گرمائی تعطیلات کے بعد لسٹنگ پر آمادگی ظاہر کی تھی۔

سپریم کورٹ کو دسہرہ کی تعطیلات کے بعد 5 رکنی بنچ پھرسے تشکیل دینی ہوگی کیونکہ سابق چیف جسٹس رمنا اور جسٹس آر سبھاش ریڈی اس بنچ میں شامل تھے۔

2 سابق ججس جسٹس سنجے کرشن کول‘ بی آر گوائی کے علاوہ جسٹس سوریہ کانت اس بنچ کا حصہ تھے۔ اس بنچ نے 2 مارچ 2020کو وسیع تر 7 رکنی بنچ سے کیس کو رجوع کرنے سے انکار کردیا تھا۔

مرکز کے فیصلہ کے خلاف کئی درخواستیں داخل ہوئی تھیں۔ مرکز نے دفعہ 370 برخاست کرتے ہوئے جموں وکشمیر کو خصوصی موقف سے محروم کردیا تھا۔