جنوبی بھارت

پی ایف آئی کی ہڑتال غیرقانونی:کیرالا ہائیکورٹ

کیرالا ہائی کورٹ نے جمعہ کے دن کہا کہ پاپلر فرنٹ آف انڈیا(پی ایف آئی) نے آج جس ہڑتال کی اپیل کی وہ پہلی نظر میں تحقیر عدالت کے مترادف ہے کیونکہ اس سے عدالت کے 2019کے احکام کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔

کوچی: کیرالا ہائی کورٹ نے جمعہ کے دن کہا کہ پاپلر فرنٹ آف انڈیا(پی ایف آئی) نے آج جس ہڑتال کی اپیل کی وہ پہلی نظر میں تحقیر عدالت کے مترادف ہے کیونکہ اس سے عدالت کے 2019کے احکام کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔

جسٹس اے کے جئے شنکرن نامبیار نے کہا کہ 2019 کے احکام کے باوجود پی ایف آئی نے ہڑتال کی اپیل کی۔ یہ غیرقانونی ہڑتال ہے۔ عدالت نے پی ایف آئی اور اس کے جنرل سکریٹری کے خلاف ازخود نوٹ لیا۔ ازخود کارروائی شروع کرتے ہوئے عدالت نے پولیس کو ہدایت دی کہ وہ یقینی بنائے کہ سرکاری و خانگی املاک کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔

پولیس کو چاہئے کہ وہ غیرقانونی ہڑتال کے حامیوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھے اور عدالت میں رپورٹ داخل کرے تاکہ عدالت نقصان کی بھرپائی کا قدم اٹھاسکے۔ عدالت نے معاملہ کی سماعت 29 ستمبر کو مقررکی۔ اس وقت تک ریاستی حکومت اپنی رپورٹ داخل کرسکے گی۔

پی ایف آئی کی صبح تا شام ہڑتال کے دوران کیرالا کے مختلف حصوں سے تشدد کے چند واقعات کی اطلاع ہے۔جنوبی ریاست کے مختلف اضلاع بشمول ترواننت پورم‘ کولم‘ کوہیکوڈ‘ وائیناڈ اور الاپووا میں کیرالا اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (کے ایس آر ٹی سی) کی بسوں پر سنگباری ہوئی۔ مقامی میڈیا نے اطلاع دی کہ نارائن پاڑہ (کنور) میں صبح اخبارات لے جانے والی ایک گاڑی پر پٹرول بم پھینکا گیا۔ الاپووا میں کے ایس آر ٹی سی بسوں‘ ایک ٹینکر اور بعض دوسری گاڑیوں کو سنگباری سے نقصان پہنچا۔

کوہیکوڈ اور کنور میں ایک 15 سالہ لڑکی اور ایک آٹورکشا ڈرائیور کو معمولی زخم آئے۔ پی ایف آئی کے ریاستی جنرل سکریٹری اے عبدالستار نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ہڑتال صبح 6 تا شام 6 بجے منائی جائے گی۔ کیرالا میں پی ایف آئی کا خاصہ اثر ہے۔ اِس ریاست سے کل 22 گرفتاریاں ہوئی تھیں۔ گرفتار ہونے والوں میں پی ایف آئی کے ریاستی صدر سی پی محمد بشیر‘ قومی صدرنشین او ایم اے سلام‘ قومی سکریٹری ای نصرالدین‘ سابق صدرنشین ای ابوبکر اور دیگر شامل ہیں۔

آئی اے این ایس کے بموجب ریاست میں اچانک ہڑتال کی غیرقانونی اپیل پر کیرالا ہائی کورٹ نے پی ایف آئی قائدین کے خلاف ازخود کارروائی شروع کردی۔ پی ایف آئی کارکنوں نے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔ کے ایس آر ٹی سی کی کئی بسوں پر سنگباری ہوئی۔ بعض ڈرائیور / کنڈکٹرس زخمی ہوئے۔ 2 ڈرائیورس نے ہیلمٹ لگاکر بس چلائی۔ یہ تصاویر وائرل ہوئیں۔

لطیف نامی ڈرائیور نے کہا کہ چند سال قبل بند کے دوران ایک پتھر سامنے کے شیشہ کو آلگا تھا جس سے میری آنکھ زخمی ہوئی تھی لہٰذا میں نے آج بطور احتیاط ہیلمٹ پہن کر بس چلائی۔ عدالت کے سخت موقف کے بعد پولیس حرکت میں آگئی اور اس نے 100 سے زائد پی ایف آئی کارکنوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

صبح سے شام تک منائے گئے بند کا اثر ریاست کے مسلم علاقوں میں زیادہ دیکھا گیا۔ کئی مقامات پر پی ایف آئی کارکنوں نے دکانداروں کو دکانیں بند رکھنے پر مجبور کیا۔ ریاست بھر میں تعلیمی ادارے بند رہے۔ بیشتر یونیورسٹیوں نے آج کے امتحانات ملتوی کردیئے۔