ممتا بنرجی کی قیام گاہ پر حملہ کا منصوبہ
چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کی یہاں کالی گھاٹ علاقہ میں واقع قیام گاہ پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کے الزام میں 5 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
کولکتہ: چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کی یہاں کالی گھاٹ علاقہ میں واقع قیام گاہ پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کے الزام میں 5 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
کولکتہ پولیس نے بتایا کہ ملزمین نے ایک واٹس ایپ گروپ پر اس جرم کا منصوبہ بنایا تھا۔ گرفتار افراد بشمول 2 خواتین کی شناخت کرشنا گھوش‘ ہرشا گھوش‘ شبھم سین شرما‘ اریجیت ڈے اور سواگتو بنرجی کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
ڈے اور سواگتو مذکورہ واٹس ایپ گروپ کے ایڈمن تھے۔ سوشل میڈیا گروپ پر کئی تحریری اور صوتی پیامات بھیجے گئے یا انہیں فارورڈ کیا گیا جن میں چیف منسٹر کی قیام گاہ پر حملہ کرنے کے لئے ایک جگہ اکٹھا ہونے کا مطالبہ کیا گیا۔
پانچوں ملزمین کے خلاف نئی نافذ کردہ بھارتیہ نیائے ناگرک سرکشا سنہیتا(بی این ایس ایس) کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
اسی دوران جاریہ ماہ کے اوائل میں کولکتہ کے سرکاری آر جے کار میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل میں ایک لیڈر ڈاکٹر ریزی اور قتل کی مذمت کرتے ہوئے 27 اگست کو نابنا (بنگال سکریٹریٹ) تک مارچ کی اپیل کرنے والے 3 افراد کو بھی سٹی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
گرفتار شدگان کی پروبیر داس‘ ساین لہری اور سونکر ہلدار کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے۔ ہلدار اور لہری کو پہلے گرفتار کیا گیا جبکہ داس کو جمعرات کے روز گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے پیر کے روز مارچ سے پہلے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کیا تھا۔