ایشیاء

پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادی کے تحفظ کا عہد

پاکستان کی اعلیٰ سیول اور فوجی قیادت نے اتوار کے دن عہد کیا کہ اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادی کا تحفظ کیا جائے گا۔

اسلام آباد: پاکستان کی اعلیٰ سیول اور فوجی قیادت نے اتوار کے دن عہد کیا کہ اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادی کا تحفظ کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں
شہباز شریف کی بحیثیت وزیراعظم پاکستان حلف برداری
نواز شریف کی آئندہ ماہ پاکستان واپسی
نواز شریف کے آتے ہی سیاسی نقشہ بدل جائے گا: شہباز شریف
مکہ مکرمہ کی ہوٹل میں آگ، 8 زائرین پاکستانی ہلاک

قیادت نے سماج کے سبھی طبقات سے کہا کہ وہ محبت، رواداری، بھائی چارہ اور اتحاد کے جذبہ سے بین مذہبی ہم آہنگی کو بڑھاوا دیں۔ 2009ء میں پاکستان نے اعلان کیا تھا کہ ہر سال 11 اگست کو نیشنل میناریٹیز ڈے (یوم اقلیتیں) منایا جائے گا۔

بانی پاکستان محمد علی جناح نے 11 اگست 1947ء کو اپنے تاریخی خطاب میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا وعدہ کیا تھا۔ صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں، جن کی ضمانت آئین نے دی ہے۔ سرکاری ریڈیو پاکستان نے یہ اطلاع دی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اقلیتوں کو سیاسی، سماجی اور معاشی لحاظ سے بااختیار بنانے کے کئی اقدامات کررہی ہے۔ صدر زرداری نے اعتماد ظاہر کیا کہ پاکستان کی اقلیتیں ملک کی ترقی میں مثبت رول ادا کرتی رہیں گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اقلیتوں کے نمایاں رول کی ستائش کی۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل میناریٹیز ڈے منانے کا مقصد پاکستان میں رہنے والی اقلیتوں کے ساتھ اظہارِ یگانگت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اقلیتی کمیونٹی نے تحریک پاکستان میں اہم رول ادا کیا تھا۔ قیام پاکستان کے بعد سے وہ قوم کی تعمیر میں ہاٹھ بٹاتی رہی ہے۔

محمد علی جناح کی تقریر کی تعریف کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی دی گئی ہے۔ اسی دوران فوجی سربراہوں نے بھی ملک کی ترقی، خوشحالی اور مالا مال ثقافتی ورثہ میں اقلیتوں کی خدمات کا اعتراف کیا۔

پاکستان بیورو آف اسٹاٹسٹکس کی طرف سے 2021ء میں جاری اعداد و شمار کے بموجب پاکستان کی 96.47فیصد آبادی مسلمان ہے۔ ہندو 2.14 فیصد، عیسائی 1.27فیصداور قادیانی 0.09 فیصد ہیں۔