شمالی بھارت

پرگیہ ٹھاکر نے بی جے پی حکومت کو بے نقاب کردیا:کانگریس

کانگریس کی سینئر ترجمان سنگیتا شرما نے کہا کہ پرگیہ ٹھاکر نے خود اپنی پارٹی کی حکومت پر سنگین الزام عائد کیا ہے لیکن سوال یہ ہے کہ انہوں نے یہ مسئلہ پارلیمنٹ میں کیوں نہیں اٹھایا؟۔

بھوپال: بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرگیہ ٹھاکر نے کہا ہے کہ انہوں نے جن 2 مواضعات کو گود لیا ہے وہاں کے لوگ پولیس کو رشوت دینے کے لئے اپنی بیٹیوں کو فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔ ان کی تقریر کا ویڈیو منگل کے دن وائرل ہوا اور کانگریس نے فوری شیوراج سنگھ چوہان کی بی جے پی حکومت پر سوال اٹھادیئے۔

پیر کے دن ایک پروگرام میں پرگیہ ٹھاکر نے کہا تھا کہ انہوں نے جن دیہاتوں کو اڈاپٹ کیا ہے وہاں کے لوگوں کے پاس گزربسر کے ذرائع نہیں ہیں۔ یہ دیہاتی‘ دیسی شراب بناتے اور بیچتے ہیں۔ پولیس انہیں گرفتار کرلیتی ہے اور پولیس کو رشوت دینے کے لئے ان لوگوں کو اپنی بیٹیوں کو بیچ دینا پڑتا ہے۔

کانگریس نے بی جے پی کو نشانہ ئ تنقید بنایا اور وزیراعظم نریندر مودی ”بیٹی پڑھاؤ۔ بیٹی بچاؤ“ اسکیم پر سوال اٹھائے۔ اس نے کہا کہ بی جے پی حکومت کو خود اس کی رکن پارلیمنٹ نے بے نقاب کردیا ہے۔

کانگریس کی سینئر ترجمان سنگیتا شرما نے کہا کہ پرگیہ ٹھاکر نے خود اپنی پارٹی کی حکومت پر سنگین الزام عائد کیا ہے لیکن سوال یہ ہے کہ انہوں نے یہ مسئلہ پارلیمنٹ میں کیوں نہیں اٹھایا؟۔

 انہوں نے بی جے پی حکومت کو بے نقاب کردیا اور یہ ثابت ہوگیا کہ بیٹی پڑھاؤ بیٹی بچاؤ اسکیم بی جے پی کا صرف ایک نعرہ ہے۔ بھوپال سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرگیہ سنگھ ٹھاکر نے پچھلے لوک سبھا الیکشن میں کانگریس کے رکن راجیہ سبھا ڈگ وجئے سنگھ کو ہرایا تھا لیکن گزشتہ چند ماہ سے پارٹی نے اپنی اس رکن پارلیمنٹ کو درکنار کردیا ہے۔