بابا صاحب امبیڈکر کے پوتے پرکاش امبیڈکر سینے میں درد کے باعث اسپتال میں داخل
ہندوستان کے آئین بنانے والے بابا صاحب امبیڈکر کے پوتے اور لوک سبھا کے سابق رکن پرکاش امبیڈکر کو سینے میں درد کی شکایت کے بعد جمعرات کو پونے کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
ممبئی (یو این آئی) ہندوستان کے آئین بنانے والے بابا صاحب امبیڈکر کے پوتے اور لوک سبھا کے سابق رکن پرکاش امبیڈکر کو سینے میں درد کی شکایت کے بعد جمعرات کو پونے کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
پارٹی ذرائع نے یہ اطلاع دی۔ پرکاش امبیڈکر ونچیت بہوجن اگھاڑی (وی اے بی) کے بانی صدر اور بالاصاحب امبیڈکر کے نام سے مشہور، دو بار اکولا سے لوک سبھا کے رکن اور ایک بار راجیہ سبھا کے رکن رہ چکے ہیں۔
وی بی اے نے ایک بیان میں کہاکہ انہیں (پرکاش امبیڈکر) دل میں خون کے جمنے کی وجہ سے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان کی حالت مستحکم ہے اور انجیو گرافی کی جائے گی۔ وی بی اے نے کہا کہ امبیڈکر خاندان اس وقت کسی کے سوالوں کا جواب نہیں دے گا اور سبھی سے درخواست کی کہ وہ خاندان کی رازداری کی درخواست کا احترام کریں۔
وی بی اے نے کہا کہ بالا صاحب اگلے تین سے پانچ دن تک ڈاکٹروں کی نگرانی میں رہیں گے۔ اس دوران پارٹی کی ریاستی صدر ریکھا تائی ٹھاکر الیکشن کوآرڈینیشن کمیٹی، منشور کمیٹی اور میڈیا اینڈ ریسرچ ڈپارٹمنٹ کی مدد سے اگلے چند دنوں تک پارٹی کی مہم کی قیادت کریں گی۔