ریاض الجنہ میں نماز کی ادائیگی، وقت کی پابندی ضروری
مدینہ منورہ میں روضہ رسول ؐ پر ریاض الجنہ زمین پر جنت کا ٹکڑا ہے جس پر عبادت گویا جنت میں عبادت ہے۔ اس مقام پر نماز کی ادائیگی کے لیے اب پرمٹ جاری کیا جاتا ہے۔
مدینہ منورہ (یو این آئی) مدینہ منورہ میں روضہ رسول ؐ پر ریاض الجنہ زمین پر جنت کا ٹکڑا ہے جس پر عبادت گویا جنت میں عبادت ہے۔ اس مقام پر نماز کی ادائیگی کے لیے اب پرمٹ جاری کیا جاتا ہے۔
فرمان نبی آخر الزمان ؐ کے مطابق حجرہ رسول ؐ سے منبر رسول ؐ کے درمیان قطعہ دنیا میں جنت کا باغ ہے، جس کو ریاض الجنہ کہا جاتا ہے۔ اس مقام پر جس نے عبادت کی گویا اس نے جنت میں عبادت کی۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر سے مسجد نبویؐ اور روضہ رسول ؐ کی زیارت کے لیے آنے والے زائرین کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ریاض الجنہ میں نماز ادا کریں۔اسی خصوصیت کے پیش نظر اس اہم مقام پر ہر وقت زائرین کا ہجوم ہوتا ہے۔
کورونا کی عالمی وبا سے قبل ریاض الجنہ میں جگہ ملنے پر بلا اجازت نماز پڑھنے کی سہولت تھی تاہم اس عالمی وبا کے بعد ایس او پیز طے کیے گئے جس کے بعد اب ریاض الجنہ میں نماز کی ادائیگی کے لئے پیشگی پرمٹ حاصل کیا جاتا ہے۔
اس حوالہ سے حرمین پبلک سیکوریٹی فورس کا کہنا ہے کہ مسجد نبوی ؐ میں ریاض الجنہ میں نماز کا پرمٹ حاصل کرنے کے بعد وقت کی پابندی کی جائے۔سبق ویب سائٹ کے مطابق حرمین پبلک سیکوریٹی فورس نے اپنے ایکس اکاؤنٹ (سابقہ ٹویٹر)پر کہا ہے کہ ریاض الجنہ کا پرمٹ لینے کے بعد دن اور وقت کی پابندی انتہائی ضروری ہے۔
حرمین پبلک سیکوریٹی فورس کا کہنا ہے کہ مقررہ وقت پر اپنی حاضری کو یقینی بنائیں کیونکہ وقت کی پابندی نہ کرنے سے آپ خود بھی نقصان اٹھاتے ہیں اور دوسروں کے لیے بھی پریشانی کا سبب بنتے ہیں۔ حرمین پبلک سیکوریٹی فورس نے اس حوالہ سے تمام لوگوں پر زور دیا کہ وہ محتاط رہیں اور طے شدہ وقت اور مدت پر عمل کریں۔