امریکی قانون کے برخلاف صدر ٹرمپ کی تصویر ڈالر پر چھاپنے کی تیاریاں
امریکہ کی مختلف وفاقی عمارتوں پر بھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصاویر پر مبنی بینرز آویزاں کر دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹرمپ کی تصویر والا یادگاری سونے کا سکہ اور پاسپورٹ جاری کرنے کی تیاریاں بھی آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ وزارت خزانہ کے مطابق نئے امریکی کرنسی نوٹ پر صدر ٹرمپ کے دستخط بھی موجود ہوں گے۔
واشنگٹن: امریکی قانون کے برخلاف صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر کرنسی نوٹ (ڈالر) پر چھاپنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکہ میں کرنسی نوٹ (ڈالر) پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر چھاپنے کی تیاریاں کر لی گئی ہیں اور امریکی وزیر خزانہ نے 250 ڈالر کے نئے نوٹ پر ٹرمپ کی تصویر چھاپے جانے کی تصدیق کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی آزادی کے 250 سال مکمل ہونے پر دستاویزی نوٹ جاری کرنے کی منصوبہ بندی ہے اور امریکی تاریخ میں ایک صدی سے زائد عرصے بعد پہلی بار کسی زندہ شخص کی تصویر نوٹ پر چھپے گی۔
امریکہ کی مختلف وفاقی عمارتوں پر بھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصاویر پر مبنی بینرز آویزاں کر دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹرمپ کی تصویر والا یادگاری سونے کا سکہ اور پاسپورٹ جاری کرنے کی تیاریاں بھی آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔ وزارت خزانہ کے مطابق نئے امریکی کرنسی نوٹ پر صدر ٹرمپ کے دستخط بھی موجود ہوں گے۔
واضح رہے کہ امریکی قانون کے تحت کسی بھی زندہ شخص کی تصویر کرنسی نوٹ پر چھاپنے پر پابندی ہے۔ تاہم زندہ شخص کی تصویر نوٹ پر چھاپنے کی قانونی پابندی ختم کرنے کیلیے امریکی پارلیمنٹ میں بل پیش کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب اپوزیشن اور ناقدین نے پاسپورٹ، سکے اور کرنسی نوٹ پر ٹرمپ کی تصویر چھاپنے کے عمل پر شدید احتجاج کرتے ہوئے امریکی صدر کے اقدامات کو آمرانہ اور شاہی طرز عمل قرار دیا ہے۔