وزیر اعظم مودی، تاریخی مسجد کا دورہ کریں گے
وزیر اعظم نریندر مودی جاریہ ہفتہ مصر کے اپنے پہلے دورہ میں گیارہوں صدی کی مسجد الحکیم جائیں گے، جسے داؤدی بوہرہ برادری کی مدد سے بحال کیا گیا ہے۔

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی جاریہ ہفتہ مصر کے اپنے پہلے دورہ میں گیارہوں صدی کی مسجد الحکیم جائیں گے، جسے داؤدی بوہرہ برادری کی مدد سے بحال کیا گیا ہے۔
24 جون سے مودی کا دو روزہ سرکاری دورہ صدر مصر عبدالفتاح السیسی کی دعوت پر ہورہا ہے۔ 1997ء کے بعد سے کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا یہ پہلا باہمی دورہ ہے۔ نئی دہلی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں معتمد ِ خارجہ ونئے موہن کوواترا نے کہا کہ مصر میں ہندوستانی برادری کی قلیل تعداد آباد ہے۔
وزیر اعظم مودی، شمالی افریقی ملک میں ہندوستانی برادری کے ارکان سے بھی خطاب کریں گے۔ معتمد ِ خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم مودی، صدر السیسی سے ملاقات کریں گے اور مختلف یادداشت ِ مفاہمت اور معاہدوں پر دستخط کریں گے۔ ہندوستان نے اپنی G-20 صدارت کے دوران مصر کو خصوصی مہمان کے طور پر مدعو کیا تھا۔
یو این آئی کے بموجب وزیر اعظم نریندر مودی منگل کو امریکہ اور مصر کے پانچ روزہ دورے پر روانہ ہوں گے اور 21 جون کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں یوگا کے عالمی دن کے پروگرام کی قیادت کریں گے۔
20 جون سے 25 جون تک وزیر اعظم کے دو ملکی دورے کے بارے میں آج یہاں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے، خارجہ سکریٹری ونے موہن کواترا نے کہا“یہ وزیر اعظم کا امریکہ کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔
”انہوں نے کہا کہ امریکی صدر جوزف بائیڈن اور خاتون اول ڈاکٹر جل بائیڈن کی دعوت پر وزیراعظم کا دورہ امریکہ 21 جون سے 23 جون تک ہوگا۔ یہ دورہ نیویارک سے شروع ہوگا، جہاں مودی اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں 21 جون کو یوگا کے عالمی دن کی تقریبات کی قیادت کریں گے۔
واضح رہے کہ دسمبر 2014 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 21 جون کو بین الاقوامی یوگا ڈے کے طور پر منانے کی قرارداد منظور کی تھی۔کواترا نے کہا کہ اس کے بعد وزیر اعظم 21 جون کی شام کو واشنگٹن جائیں گے، جہاں وہ صدر بائیڈن سے ذاتی ملاقات کریں گے۔ اگلے دن، 22 جون کو، مودی اور صدر بائیڈن کے درمیان باضابطہ دو طرفہ ملاقات ہوگی، اس سے قبل وائٹ ہاؤس میں مودی کے لیے ایک رسمی استقبالیہ ہوگا۔
اسی دن ایوان نمائندگان کے اسپیکر کیون میکارتھی اور سینیٹ کے صدر چارلس شومر کی دعوت پر وزیراعظم امریکی کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔ صدر بائیڈن اور خاتون اول ڈاکٹر جل بائیڈن اسی شام وزیر اعظم کے اعزاز میں ریاستی عشائیہ دیں گے۔
سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ 23 جون کو وزیراعظم منتخب اعلیٰ کاروباری سی ای اوز سے ملاقات کریں گے۔ دوپہر کو امریکی نائب صدر کملا ہیرس اور سیکرٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلکن مشترکہ طور پر وزیراعظم کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔ اس کے بعد مودی ہندوستانی برادری کے ارکان سے بات چیت کریں گے اور پھر مصر روانہ ہوں گے۔