پرینکا گاندھی کے کرناٹک اور تلنگانہ سے لوک سبھا الیکشن لڑنے کا امکان
اے آئی سی سی پرینکا گاندھی کو تلنگانہ کے ایک حلقہ سے بھی میدان میں اتارنے پر غور کررہی ہے۔ کوپل‘ کرناٹک کا ایک انتہائی پسماندہ ضلع ہے اور یہاں اسمبلی کے 8 حلقوں میں 6 کانگریس کے پاس ہیں۔
بنگلورو: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی امکان ہے کہ کرناٹک اور تلنگانہ سے لوک سبھا کی 2 نشستوں پر الیکشن لڑیں گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اے آئی سی سی‘ مقامی کانگریس یونٹ کو بتائے بغیر کرناٹک کے حلقہ کوپل میں سروے کراچکی ہے۔
وہ پرینکا گاندھی کو تلنگانہ کے ایک حلقہ سے بھی میدان میں اتارنے پر غور کررہی ہے۔ کوپل‘ کرناٹک کا ایک انتہائی پسماندہ ضلع ہے اور یہاں اسمبلی کے 8 حلقوں میں 6 کانگریس کے پاس ہیں۔ اے آئی سی سی کے سروے میں پتہ چلا ہے کہ یہ پرینکا گاندھی کے لئے محفوظ ترین نشست ہوگی۔
فی الحال حلقہ کوپل کی نمائندگی بی جے پی کے کراڈی سنگنا کرتے ہیں۔ قبل ازیں سابق وزیراعظم اندراگاندھی کو کرناٹک کی پارلیمانی نشست چکمگلور جیتنے کے بعد نئی سیاسی زندگی ملی تھی۔ حلقہ چکمگلور اب اُڈپی۔ چکمگلور کہلاتا ہے اور اس کی نمائندگی مرکزی مملکتی وزیر زراعت شوبھاکرند لاجے کررہی ہیں۔
سونیا گاندھی نے 1999 میں کرناٹک کی بیلاری نشست سینئر بی جے پی قائد آنجہانی سشما سوراج کو ہراکر جیتی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پرینکا گاندھی نے اگر کرناٹک سے الیکشن لڑا تو ریاست بھر میں کانگریس کے لئے اچھا اثر پڑے گا۔
بی جے پی سے ٹکر لینے پارٹی ورکرس میں توانائی آجائے گی۔ قبل ازیں پردیش کانگریس قائد نے کہا تھا کہ گاندھی خاندان کے کسی فرد کو کرناٹک سے الیکشن لڑنا چاہئے جو پارٹی کے لئے فائدہ مند ہوگا۔