تلنگانہ کانگریس بحران کی یکسوئی کیلئے پرینکا میدان میں
اطلاعات کے مطابق پرینکا گاندھی کے دفتر نے وہ ویڈیو بھی حاصل کیا جس میں سینئرقائدین ہفتہ کو سی ایل پی لیڈر ملی بھٹی وکرمارکا سے ان کی ملاقات کی تفصیل سے میڈیا کو واقف کروارہے تھے۔

حیدرآباد: اے آئی سی سی کی جنرل سکریٹری‘ تلنگانہ کانگریس میں حقیقی اور مہاجر کانگریس قائدین کے نام پر جاری بحران کی یکسوئی کیلئے میدان میں آگئیں۔
بتایا جاتا ہے کہ پرینکا گاندھی کے دفتر نے اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری (تنظیم) کے سی وینوگوپال کو فون کیا اور انہیں تلنگانہ کانگریس کے سینئر قائدین کو 23 دسمبر کو نئی دہلی پہنچنے کی اطلاع دینے کو کہا گیا۔
اطلاعات کے مطابق پرینکا گاندھی کے دفتر نے وہ ویڈیو بھی حاصل کیا جس میں سینئرقائدین ہفتہ کو سی ایل پی لیڈر ملی بھٹی وکرمارکا سے ان کی ملاقات کی تفصیل سے میڈیا کو واقف کروارہے تھے۔
تاہم ٹی پی سی سی کے صدر اے ریونت ریڈی اور سی ایل پی لیڈر ملی بھٹی وکرامارکا‘ 23/ دسمبر کو نئی دہلی میں ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم پر اے آئی سی سی میٹنگ میں شریک ہوں گے۔ دریں اثناء حسب اعلان سینئرقائدین مہیشور ریڈی کی رہائش گاہ پر ملاقات کریں گے۔
حقیقی کانگریس کیمپ کے لیڈر مدھو یاشکی گوڑ نے بتایا کہ کانگریس کو بچانے ان کی کوشش جاری رہیں گی۔ کانگریس کا مطلب افراد نہیں بلکہ ادارہ ہے اور یقینا ادارہ کو بچانے کی ضرورت ہے۔ اسی میں قائدین کی بقاء ہے۔
مدھو یاشکی نے واضح کردیا کہ سینئر قائدین نے پیر کو اے آئی سی سی سکریٹری انچارج ندیم جاوید سے ملاقات نہیں کی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ سینئر قائدین نے اپنے طورپر ملاقات کی تھی تاہم انہوں نے مقام اجلاس منکشف کرنے سے انکار کردیا۔