حیدرآباد کی میئر کو اپنے ہی پارٹی کارکنوں کی برہمی کا سامنا
سینئر لیڈر اور بی آر ایس کے جنرل سکریٹری کے کیشور راؤ کی دختر وجیا لکشمی نے احتجاجیوں کو بتایا کہ رکن اسمبلی کی غلطی تھی جو وہ پروگرام میں شریک نہیں ہوئے۔

حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد کی میئر وجیا لکشمی گدوال کو اپل حلقہ میں پروگرام کے دوران اپنی ہی پارٹی بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے کارکنوں کے احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔ جب میئر چلوکانگر علاقہ میں کچھ ترقیاتی کاموں کے لیے سنگ بنیاد رکھ رہی تھیں، کارکنوں نے ”میئر واپس جاؤ‘‘ کے نعرے بلند کیے جس کے بعد کشیدگی پیدا ہوگئی۔
وہ پروگرام میں اپل کے رکن اسمبلی بی سبھاش ریڈی کو مدعو نہ کرنے پر برہم تھے اور الزام عائد کیا کہ میئر پروٹوکول کی خلاف ورزی کررہی ہیں۔ احتجاج اور نعرے بازی کی وجہ سے رکن اسمبلی اور میئر کے حامیوں کے درمیان بحث ہوگئی۔
تاہم میئر نے احتجاجیوں کی سرزنش کی اور پوچھا کہ وہ ہنگامہ کیوں کررہے ہیں۔ سینئر لیڈر اور بی آر ایس کے جنرل سکریٹری کے کیشور راؤ کی دختر وجیا لکشمی نے احتجاجیوں کو بتایا کہ رکن اسمبلی کی غلطی تھی جو وہ پروگرام میں شریک نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے زونل کمشنر نے اس پروگرام میں انہیں، رکن اسمبلی اور کارپوریٹر تینوں کو مدعو کیا تھا۔ تاہم رکن اسمبلی نے جی ایچ ایم سی کے زونل کمشنر کو منگل تک پروگرام ملتوی کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ برہم میئر نے پوچھا کہ اگر وہ آج بھی نہیں آئے تو اس میں کس کی غلطی ہے؟“