بنگلورو کی ممتاز مسلم جہدکار فردوس خان کا انتقال
فردوس خان شہر میں قائم فارورڈ ٹرسٹ میں سیکرٹری اور کنسلٹنٹ تھیں۔ اس کے علاوہ بہتوا کرناٹکا، کمیونل فرینڈشپ فورم، جماعت اسلامی ہند اور دیگر شہری تنظیموں کے ساتھ سرگرم عمل رہیں۔

بنگلورو: کرناٹک کے درالحکومت بنگلورو کی ممتاز مسلم جہدکار فردوس خان کا جمعہ کی صبح انتقال ہوگیا۔ وہ 52 برس کی تھیں۔
فردوس خان شہر میں قائم فارورڈ ٹرسٹ میں سیکرٹری اور کنسلٹنٹ تھیں۔ اس کے علاوہ بہتوا کرناٹکا، کمیونل فرینڈشپ فورم، جماعت اسلامی ہند اور دیگر شہری تنظیموں کے ساتھ سرگرم عمل رہیں۔
ان کے انتقال کے بارے میں بات کرتے ہوئے، بہتوا کرناٹکا کے کارکن ایڈوکیٹ ونئے سرینواس نے بتایا کہ انہیں ہمیشہ سماج کا بہت خیال رہتا تھا۔ وہ ایک ایسی شخصیت تھیں جنہوں نے ہمیشہ اچھے کام کئے اور ایک ایسے سماج کا خواب دیکھا جہاں پر ہر طرح کی ہم آہنگی ہو اور لوگوں کو سکون و اطمینان نصیب ہو۔
وہ اس سے قبل ایچ سی ایل میں منیجر کے عہدے پر فائز تھیں۔ بعد ازاں اس عہدے سے استعفیٰ دے دیا اور سماجی سرگرمیوں میں شامل ہوگئیں۔ انہوں نے سی اے اے اور این آر سی مخالف مظاہروں میں انتہائی سرگرم حصہ لیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فردوس خان کا انتقال بنگلور کی سول سوسائٹی کے لئے بہت بڑا نقصان ہے کیونکہ ہمارے پاس ایسے لوگ بہت کم ہیں۔
مرحومہ کے پسماندگان میں شوہر وسیم خان، ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں۔