حیدرآباد کے ممتاز سینئر وکیل غلام یزدانی کا انتقال
ان کا انتقال ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب چند روز قبل ان کے داماد جناب خواجہ معزالدین ایڈوکیٹ صاحب کے المناک قتل نے پورے شہر کو غمزدہ کر دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق غلام یزدانی صاحب زیر علاج تھے اور اپنے داماد کے قتل کی خبر سے شدید صدمے میں تھے، جن کے ساتھ وہ رہائش پذیر بھی تھے۔
حیدرآباد: ممتاز قانونی شخصیت اور ڈیزگنیٹڈ سینئر اڈوکیٹ جناب غلام یزدانی صاحب 98 برس کی عمر میں چہار شنبہ، 28 مئی 2026 کو 10 ذوالحجہ 1447 ہجری کے مطابق سنچری ہاسپٹلس، بنجارہ ہلز، حیدرآباد میں انتقال کر گئے
غلام یزدانی صاحب قانونی دنیا میں اپنی خدمات، دیانت داری اور سماجی وابستگی کے باعث انتہائی معزز مقام رکھتے تھے۔ انہیں ایک باوقار شخصیت، ملت کا ستون اور انسان دوست بزرگ کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے۔
ان کا انتقال ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب چند روز قبل ان کے داماد جناب خواجہ معزالدین ایڈوکیٹ صاحب کے المناک قتل نے پورے شہر کو غمزدہ کر دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق غلام یزدانی صاحب زیر علاج تھے اور اپنے داماد کے قتل کی خبر سے شدید صدمے میں تھے، جن کے ساتھ وہ رہائش پذیر بھی تھے۔
نماز جنازہ جمعہ کی نماز کے بعد جامع مسجدِ عالیہ، گن فاؤنڈری، حیدرآباد میں ادا کی جائے گی۔ مرحوم کا اس تاریخی مسجد سے طویل تعلق رہا اور وہ مسجد کے قدیم ترین خادمین میں شمار کیے جاتے تھے۔
قانونی برادری، سماجی شخصیات، رشتہ داروں اور عقیدت مندوں نے غلام یزدانی صاحب کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے پسماندگان سے تعزیت کی ہے۔
مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی اپیل کی گئی ہے۔