حیدرآباد

ہندوستان کے دستور کا تحفظ ملک کی ترقی و سلامتی کی ضمانت ہے: حافظ شاہ محمد عبدالمقتدر قریشی

15 اگست وہ دن ہے جب طویل جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کے بعد ہندوستان کو آزادی حاصل ہوئی، جبکہ 26 جنوری کو ملک میں جمہوری دستور نافذ ہوا، جس کے تحت تمام شہریوں کو بنیادی حقوق فراہم کیے گئے۔

حیدرآباد: مرکز خدمتِ خلق کے احاطے میں منعقدہ یومِ جمہوریہ کی تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے بانی و سکریٹری مرکز خدمتِ خلق، حافظ قاری شاہ محمد عبدالمقتدر قریشی چشتی صابری نے کہا کہ ہندوستان کے دستور کا تحفظ ہی ملک کی ترقی، سلامتی اور شہری آزادیوں کی ضمانت ہے۔

متعلقہ خبریں
جامعہ راحت عالم للبنات عنبرپیٹ میں یومِ جمہوریہ کی تقریب، ڈاکٹر رفعت سیما کا خطاب
آئی یو ایم ایل سٹوڈنٹس کانفرنس "ہم سفر” نے حیدرآباد یونیورسٹی کے طلباء میں اتحاد اور سماجی ذمہ داری کا مطالبہ کیا
جدہ میں ہندوستانی قونصل خانے میں 77واں یومِ جمہوریہ شان و شوکت سے منایا گیا
شرفیہ قرأت اکیڈمی کے بارھویں دو روزہ حسن قرأت قرآن کریم مسابقے کا کامیاب اختتام
،،یس آر گارڈن نلگنڈہ میں تحفظِ عقائد کانفرنس اور اسناد و انعامات کی تقسیم،،

انہوں نے کہا کہ 15 اگست 1947 اور 26 جنوری 1950 ہندوستانی تاریخ کے دو عظیم اور فیصلہ کن دن ہیں۔ 15 اگست وہ دن ہے جب طویل جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کے بعد ہندوستان کو آزادی حاصل ہوئی، جبکہ 26 جنوری کو ملک میں جمہوری دستور نافذ ہوا، جس کے تحت تمام شہریوں کو بنیادی حقوق فراہم کیے گئے۔

خادمِ قوم و ملت نے کہا کہ ہندوستانی دستور کو دنیا کے بہترین دستوروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ دستور کی دفعات 25 تا 28 کے تحت اقلیتوں کو اپنے مذہب پر عمل، اس کی تبلیغ اور اپنی پسند کے مذہب کو اختیار کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی حکمران جماعت اقلیتوں کے مذہبی حقوق یا آزادیوں میں مداخلت کرتی ہے یا امتیازی سلوک روا رکھتی ہے تو یہ عمل آئینِ ہند کی صریح خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دستور اور جمہوریت کو مضبوط بنانا ہر شہری، خصوصاً عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے۔ دستور کو کمزور کرنا دراصل ملک کو کمزور کرنے اور شہری آزادیوں کو محدود کرنے کے مترادف ہے۔ اسی لیے ہر سال یومِ جمہوریہ مناتے ہوئے جمہوریت کے استحکام کا عہد کیا جاتا ہے۔

تقریب کا آغاز قاری عمر امام مسجد مرکز کی تلاوتِ قرآن سے ہوا، جبکہ محمد حذیفہ، متعلم مدرسہ صفہ نے نعتِ رسول ﷺ پیش کی۔ حسان عرفان، ترجمان مرکز نے ابتدائی کلمات ادا کیے اور نظامت کے فرائض انجام دیے۔

اس موقع پر مدرسہ صفہ کے طلبہ نے یومِ جمہوریہ کے عنوان پر اردو، انگریزی اور تلگو زبانوں میں تقاریر پیش کیں، جبکہ ایک طالب علم نے بانی و سکریٹری مرکز کی تیس سالہ خدمات پر مبنی پرمغز خطاب کیا۔

تقریب کے دوران خادمِ قوم و ملت نے ترنگا لہرایا۔ اس موقع پر اسٹیج پر مفتی عبدالمنعم فارقی (ناظم تعلیمات مدرسہ صفہ)، حافظ عبدالصمد فیضی (صدر مدرس)، حافظ عبدالغفور مصدق، سید مجیب الدین چشتی، محمد خلیل چشتی، سید نظام الدین چشتی اور مدرسہ کے اساتذہ موجود تھے۔

تقریب میں خادمِ قوم و ملت کے مریدین، محبین اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آخر میں خادمِ قوم و ملت کی دعا پر یومِ جمہوریہ کی یہ باوقار تقریب اختتام پذیر ہوئی۔