جوناگڑھ میں درگاہ کو ڈھانے کی نوٹس پر احتجاج، ایک شخص ہلاک (ویڈیو)
گجرات کے شہر جوناگڑھ میں ایک درگاہ کو ڈھادینے بلدیہ کے منصوبہ کے خلاف احتجاج میں سنگباری ہوئی اور ایک گاڑی کو آگ لگادی گئی۔ پتھر لگنے سے ایک شخص ہلاک اور 5 ملازمین پولیس زخمی ہوگئے۔
جونا گڑھ: گجرات کے شہر جوناگڑھ میں ایک درگاہ کو ڈھادینے بلدیہ کے منصوبہ کے خلاف احتجاج میں سنگباری ہوئی اور ایک گاڑی کو آگ لگادی گئی۔ پتھر لگنے سے ایک شخص ہلاک اور 5 ملازمین پولیس زخمی ہوگئے۔
شہر میں جمعہ کی رات ماجے واڑہی دروازہ کے قریب یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے آنسو گیس شل برسائے اور لاٹھی چارج کیا۔ اس نے بعدازاں 174 افراد کو پکڑلیا۔ 14 جون کو جوناگڑھ میونسپل کارپوریشن نے درگاہ کو نوٹس جاری کی تھی کہ اراضی کی ملکیت کے کاغذات دکھائے جائیں۔
نوٹس پر برہم 500-600لوگ جمعہ کی رات اکٹھا ہوئے اور انہوں نے سڑکیں بلاک کردیں۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس وی روی تیجا نے یہ بات بتائی۔ ڈپٹی ایس پی جونا گڑھ اور دیگر ملازمین پولیس نے احتجاجیوں کو سمجھانے کی کوشش کی۔ پرامن حل نکالنے تقریباً ایک گھنٹے کی بات چیت کے بعد رات 10:15 بجے کے آس پاس پولیس والوں پر پتھر پھینکے گئے۔
پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے آنسو گیس شل برسائے اور لاٹھی چارج کیا۔ آئی اے این ایس کے بموجب گجرات کے جوناگڑھ میں بلدیہ کی اینٹی انکروچمنٹ مہم پر ہجوم اور پولیس کے مابین ٹکراؤمیں ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ دیگر 174 کو حراست میں لے لیا گیا۔
جمعہ کی رات کہا جاتا ہے کہ یہ احتجاج ایک مقامی مسجد کو جوناگڑھ میونسپل کارپوریشن کی طرف سے جاری نوٹس کے سلسلہ میں ہوا۔ کارپوریشن اندرون 5 دن کاغذات مانگے تھے۔ نوٹس غیرقانونی تعمیر کے الزام پر جاری ہوئی تھی۔ 5 دن میں مسجد کمیٹی کی طرف سے جواب نہ آنے پر کارپوریشن کی ٹیم انہدامی نوٹس دینے پہنچ گئی۔ 500 تا 600 افراد وہاں جمع ہوگئے۔
رات 10:15 بجے صورتِ حال اس وقت خراب ہوگئی جب ہجوم نے پولیس پر سنگباری شروع کردی اور کئی گاڑیوں کو آگ لگادی۔ پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔ ایک شہری کی موت واقع ہوئی۔ ایسا لگتا ہے کہ اسے پتھر لگا۔موت کی اصل وجہ کا پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد پتہ چلے گا۔ علاقہ میں بھاری پولیس فورس تعینات کردی گئی۔
27 مئی کو جوناگڑھ میں غیرقانونی متجاوزات کے خلاف مہم شروع ہوئی تھی۔ احتجاج کے باوجود 176 غیرقانونی مزار ڈھادیئے گئے۔ مقامی ذرائع کے بموجب اوپرکوٹ علاقہ میں 8 بلڈوزر لائے گئے تھے۔ ریاستی حکومت جونا گڑھ کے اوپرکوٹ علاقہ کی تزئین نو کررہی ہے۔ یہ 70 کروڑ روپے کا پراجکٹ ہے۔