پنجاب کے تاجر کا کنٹراکٹر کو ایک کروڑ روپئے مالیتی رولیکس گھڑی کا تحفہ
پنجاب کے ایک تاجر نے اپنی 9ایکڑ کی جائیداد پر غیر معمولی کام کرنے پر اپنے کنٹراکٹر کو ایک کروڑ روپئے مالیاتی رولیکس گھڑی بطور تحفہ پیش کی۔
موہالی (پنجاب) پنجاب کے ایک تاجر نے اپنی 9ایکڑ کی جائیداد پر غیر معمولی کام کرنے پر اپنے کنٹراکٹر کو ایک کروڑ روپئے مالیاتی رولیکس گھڑی بطور تحفہ پیش کی۔
گردیپ دیو پتھ نے بتایا کہ کنٹراکٹر راجندر سنگھ روپڑا‘ معیاری کام‘ تیز ی سے خدمات کی فراہمی اور معمولی چیزوں پر بھی پوری توجہ دینے کے پابند عہد ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے یہ فراخدلانہ تحفہ پیش کیا۔ 18 کیرٹ کے سونے سے بنی ہوئی گھڑی Rolex Oyster Perpetual Sky Dweller ‘ گھڑی کا ڈائیل شمپئن کا رنگ ہے۔
پنجاب کے زیرک پور کے قریب واقع پراجکٹ جدید دور کے قلعہ سے مماثلت رکھتاہے۔ پنجاب کے شاہ کوٹ سے تعلق رکھنے والے کنٹراکٹر روپڑا نے دو سال تک زائد از 200 مزدوروں کی مدد سے اس وسیع و عریض جائیداد پر کام مکمل کیا۔
جائیداد کے مالک گردیپ دیو نے کہاکہ یہ صرف ایک مکان نہیں ہے بلکہ انتہائی شاندار‘ احتیاط سے ڈیزائن اور تعمیر کردہ حویلی ہے جو لافانی خوبصورتی رکھتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ روپڑا نے اس پراجکٹ کی تکمیل کرتے ہوئے نہ صرف ہمارے خاندان کی توقعات کی تکمیل کی بلکہ اس سے بھی آگے بڑھ گئے۔
انہوں نے مقررہ وقت کی پابندی کی اور ہر چیز کی تفصیلی دیکھ بھال اور تعمیر عمل میں لائی۔ انہوں نے ہماری توقعات سے بڑھ کر کام کیا۔ اس جائیداد میں وسیع و عریض ہالس‘ خوبصورت باغات اور منفرد تعمیراتی عناصر ہیں جو اس جگہ کو ایک اسٹائیل عطا کرنے کے ساتھ ساتھ عملی طورپر قابل استعمال بناتے ہیں۔