کرناٹک کے عوام سے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے راہول، پرینکا کی اپیل
پرینکا گاندھی نے کہاکہ جیسے ہی اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ شروع ہو رہی ہے، میں کرناٹک میں اپنی تمام بہنوں اور بھائیوں سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ وہاں جائیں اور تبدیلی کے لیے ووٹ دیں۔
بنگلورو: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بدھ کو کرناٹک کے لوگوں سے 40 فیصد کمیشن سے پاک ریاست بنانے کے لیے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی گاندھی نے ہندی میں کئے گئے ایک ٹویٹ میں کہا، ”کرناٹک کاووٹ.. پانچ گارنٹی کے لیے، خواتین کے حقوق کے لیے، نوجوانوں کے روزگار کے لیے، غریبوں کی بہتری کے لیے۔ کرناٹک کو 40 فیصد کمیشن سے پاک ریاست بنانے کے لیے، آئیے بڑی تعداد میں ووٹ دیں۔“
کانگریسی صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ کرناٹک کے عوام نے ایک ترقی پسند، شفاف اور فلاحی حکومت کو منتخب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بہتر مستقبل کے لیے اس جمہوری عمل میں حصہ لینے کے لئے پہلی بار ووٹ ڈالنے والوں کا بھی استقبال کیا۔
انہوں نے ٹویٹ کیا، ”کرناٹک کے لوگوں نے ایک ترقی پسند، شفاف اور فلاحی حکومت کو منتخب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کا وقت آگیا ہے۔ ہم بہتر مستقبل کے لیے اس جمہوری عمل میں حصہ لینے کے لئے اپنے پہلی بار کے ووٹروں کا استقبال کرتے ہیں۔“
کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی واڈرا نے بھی ووٹروں سے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا، ”جیسے ہی اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ شروع ہو رہی ہے، میں کرناٹک میں اپنی تمام بہنوں اور بھائیوں سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ وہاں جائیں اور تبدیلی کے لیے ووٹ دیں۔ یہ ایک مضبوط، ترقی پر مبنی اور قابل حکومت لانے کا وقت ہے جو آپ کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے انتھک محنت کرتی ہے۔“