انٹرٹینمنٹ

گلوکار سونونگم کے والد کے گھر سے 72 لاکھ روپے کا سرقہ

گلوکار سونونگم کے 76 سالہ والد کے ایک سابق ڈرائیور کے خلاف 72 لاکھ روپے سرقہ کرنے کے الزام میں کیس درج کیا گیا ہے۔ یہ واقعہ سونونگم کے ممبئی میں واقع گھر میں پیش آیا۔

ممبئی: گلوکار سونونگم کے 76 سالہ والد کے ایک سابق ڈرائیور کے خلاف 72 لاکھ روپے سرقہ کرنے کے الزام میں کیس درج کیا گیا ہے۔ یہ واقعہ سونونگم کے ممبئی میں واقع گھر میں پیش آیا۔ ایک عہدیدار نے آج یہ بات بتائی۔

گلوکار کے والد اگم کمار نگم‘ اوشی واڑہ اندھیری ویسٹ میں ونڈسر گرانڈ بلڈنگ میں رہتے ہیں۔ سرقہ کا یہ واقعہ 19 اور 20 مارچ کی درمیانی شب پیش آیا۔ سونونگم کی چھوٹی بہن نکیتا‘ چہارشنبہ کی اولین ساعتوں میں اوشی واڑہ پولیس اسٹیشن سے رجوع ہوئی اور مبینہ سرقہ کے بارے میں ایک شکایت درج کرائی۔

شکایت کے مطابق اگم کمار نگم کے پاس تقریبا 8 ماہ سے ایک ڈرائیور ریحان کام کررہا تھا جس کی کارکردگی اطمینان بخش نہ ہونے پر حال ہی میں اسے نکال دیا گیا تھا۔ اتوار کی دوپہر اگم کمار لنچ کیلئے ورسووا میں اپنی بیٹی نکیتا کے گھر گئے تھے اور کچھ دیر بعد واپس لوٹ آئے تھے۔

انہوں نے شام میں اپنی بیٹی کو فون کیا اور اسے بتایا کہ لکڑی کی الماری میں ڈیجیٹل لاکر میں رکھے ہوئے 40 لاکھ روپے غائب ہیں۔ عہدیدار نے بتایا کہ دوسرے دن اگم کمار، 7 بنگلہ علاقہ میں اپنے بیٹے کے گھر ویزا سے متعلق کسی کام سے گئے تھے اور شام میں واپس آئے۔ انہوں نے دیکھا کہ لاکر سے مزید 32 لاکھ روپے غائب ہیں۔

لاکر کو کوئی نقصان بھی نہیں پہنچا تھا۔ اگم کمار اور نکیتا نے اپنی سوسائٹی کا سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کیا جس میں دیکھا گیا کہ ان کا سابق ڈرائیور ریحان دونوں دن‘ ایک بیاگ کے ساتھ ان کے فلیٹ کی طرف جارہا ہے۔

شکایت کے مطابق اگم کمار کو شبہ ہے کہ ریحان نقلی چابی کی مدد سے ان کے گھر میں داخل ہوا ہوگا اور اس نے بیڈروم میں ڈیجیٹل لاکر سے 72 لاکھ روپے کا سرقہ کرلیا۔ نکیتا کی شکایت پر اوشی واڑہ پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعہ 380،454 اور 457 کے تحت ایک ایف آئی آر درج کرلی۔ اس معاملہ کی تحقیقات جاری ہیں۔