قومی

راہول نے پنجاب میں سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا

کانگریس قائد راہول گاندھی نے پیر کے دن پنجاب کے اضلاع امرتسر اور گرداسپور میں سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین سے بات چیت کی۔

چندی گڑھ (پی ٹی آئی) کانگریس قائد راہول گاندھی نے پیر کے دن پنجاب کے اضلاع امرتسر اور گرداسپور میں سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین سے بات چیت کی۔

ان کے ساتھ صدرپنجاب پردیش کانگریس امریندرسنگھ ر اجہ وارنگ، قائد اپوزیشن پنجاب اسمبلی پرتاپ سنگھ باجوہ، امرتسر کے رکن پارلیمنٹ گرجیت سنگھ اوجلا، گرداسپور کے رکن پارلیمنٹ سکھجیندر سنگھ رندھاوا اور دیگر قائدین موجود تھے۔

امرتسر آمد کے بعد وہ اجنالا کے موضع گھونیوال پہنچے اور متاثرین سیلاب سے ملاقات کی۔ انہوں نے ان مکانات کا معائنہ کیا جنہیں حالیہ سیلاب سے نقصان پہنچا۔ موضع گھونیوال کے دورہ کے بعد راہول گاندھی نے امرتسر کے رام داس علاقہ میں تاریخی گردوارہ بابا بڈھاصاحب میں ماتھا ٹیکا۔

انہوں نے گردوارہ میں ارداس میں بھی حصہ لیا۔ انہیں سروپا پیش کیا گیا۔ سابق چیف منسٹر چھتیس گڑھ اور پارٹی انچارج پنجاب بھوپیش بگھیل اور سابق صدر چیف منسٹر پنجاب چرنجیت سنگھ چنی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی بعدازاں ضلع گرداسپور کے ڈیرہ بابا نانک کے موضع گرچک پہنچے۔ رکن پارلیمنٹ سکھجیندر رندھاوا نے انہیں وہ کھیت دکھائے جنہیں سیلابی پانی سے نقصان پہنچا۔

کانگریس نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ راہول گاندھی نے متاثرہ کنبوں سے ملاقات کی اور ریلیف ورک کا جائزہ لیا۔ پنجاب میں تباہ کن سیلاب نے ہزاروں افراد کو متاثر کیا ہے۔ ریاست میں کافی جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ لوگ ریلیف کیمپس میں رہنے پر مجبور ہیں۔ صورتحال سنگین ہے، ایسے میں کانگریس کا ہرورکر پنجاب کے ساتھ کھڑا ہے۔

کانگریس رکن اسمبلی پرگت سنگھ نے امرتسر میں کہا کہ راہول گاندھی وہ قائد ہیں جو پنجاب کا درد اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ کانگریس قائد نوجوت کورسدھو نے امرتسر میں میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ راہول گاندھی کے دورہ سے بڑی تحریک ملتی ہے۔ ہمارے نزدیک راہول گاندھی سب سے بڑے قائد ہیں۔

انہوں نے ہمیں ہدایت دی کہ ہم سیوا کرتے رہیں۔ پنجاب میں کئی دہوں میں بدترین سیلاب آیا ہے۔ دریائے ستلج، بیاس اور راوی میں طغیانی کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی۔ 56 اموات ہوئیں اور 1.98 لاکھ ہیکڑس پر فصلوں کو نقصان پہنچا۔ سیلاب سے شدید متاثرہ اضلاع میں گرداسپور، امرتسر، کپورتھلا، پٹھان کوٹ، ہوشیارپور، فیروز پور، فاضلکا اور ترنتارن شامل ہیں۔