نقلی انٹرنیشنل کال سنٹر پر دھاوا،115 افراد گرفتار
خوفزدہ متاثرہ شخص گفٹ ووچرس خریدنے کے بعد دھوکہ بازوں کو اس کی اطلاع دیتے اور اس شخص سے گفٹ کارڈ کا ریڈیم کوڈ حاصل کرلیتے۔

حیدرآباد: ایک اہم کارروائی میں سائبر آباد پولیس نے سائبر دھوکہ بازوں کی دو ٹولیوں کو بے نقاب کرتے ہوئے 115 افراد بشمول 6 سرغنوں کو گرفتار کرلیا۔ ملزمین مشہور تجارتی کمپنی امیزون کے اگزیکٹیو ظاہر کرکے بیرونی کسٹمرس کو دھوکہ دے رہے تھے۔
گرفتار ملزمین میں محمد انصاری، محمد عرفان، عاقب، پردیپ ونود راتھوڑ، عثمان غنی خان، شیوم پردھان، دیپو تھاپر اور دیگر 109 شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق آرگنائزرس دھوکہ سے کسٹمر کی تفصیلات جمع کرکے تھرڈ پارٹی پورٹل کے ذریعہ انٹرنیٹ کال پر امریکہ کے شہریوں سے رابطہ کرکے اپنے آپ کو امریکن کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن سل ڈپارٹمنٹ کے عہدیدار ظاہر کرتے تھے اور انھیں بتایا جاتا کہ ان کے نام سے ہمیں ایک مشتبہ پارسل آیا ہے، جس میں منشیات کے ہونے کا شبہ ہے۔
اس ذریعہ ملزمین اس شخص کو خوف میں مبتلا کردیتے تھے۔ بعد ازاں انھیں بتایا جاتا کہ امریکن کسٹمز اینڈ بارڈر پروٹیکشن فورس کی جانب سے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
اس طرح ان پر دباؤ ڈالا جاتا کہ اگر انہیں یہ پارسل منسوخ کرنا ہے تو وہ سوپر مارکٹ سے گفٹ کارڈس یا ووچرس خریدیں۔ خوفزدہ متاثرہ شخص گفٹ ووچرس خریدنے کے بعد دھوکہ بازوں کو اس کی اطلاع دیتے اور اس شخص سے گفٹ کارڈ کا ریڈیم کوڈ حاصل کرلیتے۔
اس طرح دھوکہ باز ڈسکاؤنٹ قیمت پر ویب سائٹ کے ذریعہ فروخت کرتے اور اس کے بدلے کرپٹو کرنسی حاصل کرکے انہیں انڈین کرنسی میں تبدیل کرتے۔
پولیس نے بتایا کہ یہ گینگ گزشتہ ڈھائی سال سے امریکی شہریوں کو دھوکہ دے کر آسانی سے رقم حاصل کرنے میں مصروف ہے۔ مادھا پور پولیس نے اس سلسلہ میں دو مقدمہ درج کرکے دھوکہ بازوں کے قبضہ سے نقد رقم، لاپ ٹاپ، کمپیوٹر مانیٹرس اور دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا۔