تلنگانہ اور اے پی میں بارش کی پیش قیاسی
گزشتہ چند دنوں سے جہاں سردی کی شدت میں کمی آئی ہے، وہیں دھوپ کی تمازت میں بتدریج اضافہ درج کیا جا رہا تھا تاہم اب اچانک موسم کی تبدیلی اور بارش کی پیش قیاسی نے تشویش میں اضافہ کردیا ہے۔
حیدرآباد: محکمہ موسمیات نے آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے عوام کے لئے اہم الرٹ جاری کرتے ہوئے اگلے دو تاتین دنوں میں بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔
گزشتہ چند دنوں سے جہاں سردی کی شدت میں کمی آئی ہے، وہیں دھوپ کی تمازت میں بتدریج اضافہ درج کیا جا رہا تھا تاہم اب اچانک موسم کی تبدیلی اور بارش کی پیش قیاسی نے تشویش میں اضافہ کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جنوب مغربی خلیج بنگال میں بننے والا ہوا کا کم دباؤ مستحکم ہے جبکہ 21 فروری کو جنوب مشرقی خلیج بنگال میں ایک اور ہوا کا کم دباؤ بننے کا امکان ہے۔ ان موسمی تبدیلیوں کے اثر سے 21 فروری سے آئندہ تین دنوں تک رائلسیما کے اضلاع میں بارش ہو گی۔
اس کے علاوہ 22 فروری سے دو دنوں تک نیلور اور پرکاشم اضلاع میں بھی بارش کی توقع ہے۔ ساحلی اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کہر چھائے رہنے اور دن کے درجہ حرارت میں معمولی اضافہ کی بھی اطلاع دی گئی ہے۔
دوسری جانب تلنگانہ میں بھی مہا شیوراتری کے بعد سے سردی کی لہر میں کمی آئی ہے اور دن کے وقت گرمی محسوس کی جا رہی ہے۔
تلنگانہ کے محکمہ موسمیات کے مطابق 22 فروری کو عادل آباد، جگتیال، منچریال اور ملگ اضلاع میں بارش ہوگی جبکہ 23 اور 24 فروری کو حیدرآباد، ورنگل، سدی پیٹ، کھمم، کریم نگر، سوریا پیٹ اور بھدراچلم میں اوسط بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔