ریزرویشن کی بالائی حد، مودی اپنا موقف واضح کریں: کانگریس
کانگریس نے چہارشنبہ کے دن وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا موقف واضح کریں کہ آیا وہ درج فہرست ذاتوں‘ قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کے لئے ریزرویشن کی 50 فیصد کی بالائی حدہٹادیں گے۔

نئی دہلی: کانگریس نے چہارشنبہ کے دن وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا موقف واضح کریں کہ آیا وہ درج فہرست ذاتوں‘ قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کے لئے ریزرویشن کی 50 فیصد کی بالائی حدہٹادیں گے۔
سابق مرکزی وزیر جئے رام رمیش نے کہا کہ کانگریس کے منشور میں ضمانت دی گئی ہے کہ یہ حد بڑھانے کے لئے دستور میں ترمیم کی جائے گی لیکن مودی اسے ”فرقہ وارانہ رنگ“ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔
اے آئی سی سی ہیڈکوارٹرس نئی دہلی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کانگریس جنرل سکریٹری نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی دستور بدلنے کے لئے 400 پار کی بات کررہی ہے کیونکہ بی جے پی اور آر ایس ایس سیکولرازم اور سماجی انصاف کے خلاف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں ہمارے نیائے پتر کو فرقہ وارانہ رنگ دینے والے وزیراعظم سے پوچھنا چاہوں گا کہ آیا وہ درج فہرست ذاتوں‘ قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کو 50 فیصد سے زائد ریزرویشن دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی انتخابی جلسوں میں اپنے ہاتھوں میں دستور کی کاپی تھامے ہوئے ہیں کیونکہ اس پر حملہ ہورہا ہے۔
پہلے وزیراعظم کے معاشی مشیر نے دستور بدلنے کی بات کہی اس کے بعد کئی امیدواروں اور ارکان ِ پارلیمنٹ نے بھی ایسا ہی کہا۔ جئے رام رمیش نے کہا کہ آج میں کہنا چاہتا ہوں کہ بی جے پی اور آر ایس ایس نے سمودھان بدلو کا نعرہ پہلی مرتبہ نہیں لگایا۔
1949 سے آر ایس ایس کا یہی مطالبہ ہے۔ جئے رام رمیش نے ڈاکٹر امبیڈکر کی 25 نومبر1949کی تقریر کا بھی حوالہ دیا۔