اقامتی اسکول کی دیوار گرگئی۔تین طلبازخمی
تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع کے لنگم پلی میں واقع گروکل (اقامتی) اسکول میں حادثاتی طور پر ہاسٹل کی دیوار گرنے سے تین طلبا معمولی طورپر زخمی ہوگئے۔
حیدرآباد: تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع کے لنگم پلی میں واقع گروکل (اقامتی) اسکول میں حادثاتی طور پر ہاسٹل کی دیوار گرنے سے تین طلبا معمولی طورپر زخمی ہوگئے۔
وزیر صحت و طبابت دامودر راج نرسنہا نے حکام سے اس واقعہ پر بات چیت کی۔ انہوں نے آر اینڈ بی محکمہ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ہاسٹل کی دیگر عمارتوں کے معیار کا جائزہ لے کر جو استعمال کے قابل نہ ہوں انہیں بند کر کے رپورٹ پیش کریں۔
وزیر نے ہاسٹل حکام سے تینوں زخمی طلبا کی صحت کی صورتحال کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔اسی دوران کلکٹر پی پروینیا نے واضح کیا کہ اس واقعہ میں طلبا کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔اسکول میں ایس ڈی آر ایچ کی ٹیم کی جانب سے کی جا رہی امدادی کارروائیوں کی نگرانی کلکٹر نے خود کی۔اسکول میں 1984 میں تعمیر شدہ پرانے ہاسٹل کی عمارت کی دیوار گر گئی تھی۔
واقعہ کا پتہ چلتے ہی کلکٹر فوری طور پر اسکول پہنچ گئیں۔ اسکول میں پانچویں جماعت سے انٹر تک تقریباً 601 طلبا تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
اس واقعہ کے وقت تمام طلبا کلاس رومس میں موجود تھے، اس لئے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔اس دوران ہاسٹل کی عمارت کے قریب سے گزرنے والے تین طلبا معمولی زخمی ہوگئے جن کا علاج ایریا ہاسپتال میں کیا جا رہا ہے۔ ہاسٹل کے کمروں میں عارضی رہائش کا انتظام کر دیا گیا ہے۔ کلکٹر نے بتایا کہ اسکول کے لئے نئے ہاسٹل کی عمارت کی تعمیر کے لئے 7 کروڑ روپے کی لاگت سے حکومت کو منظوری کے لئے تجاویز بھیجی گئی ہیں۔