نتائج، ایگزٹ پول سے بالکل مختلف ہوں گے: سونیا گاندھی
کانگریس قائد سونیا گاندھی نے پیر کے دن کہا کہ ان کی پارٹی کو بڑی امید ہے کہ لوک سبھا الیکشن کے نتائج اکزٹ پول میں ظاہر کردہ نتائج سے بالکل مختلف ہوں گے۔
نئی دہلی: کانگریس قائد سونیا گاندھی نے پیر کے دن کہا کہ ان کی پارٹی کو بڑی امید ہے کہ لوک سبھا الیکشن کے نتائج ایگزٹ پول میں ظاہر کردہ نتائج سے بالکل مختلف ہوں گے۔
انہوں نے پی ٹی آئی سے کہا کہ ہمیں انتظار کرنا ہوگا‘ انتظار کریں اور دیکھیں۔ پی ٹی آئی نے ان سے پوچھا تھا کہ منگل کے دن جاری ہونے والے نتائج سے ان کی توقعات کیا ہیں۔
کانگریس پارلیمانی پارٹی سربراہ نے کہا کہ ہمیں بڑی امید ہے کہ ہمارے نتائج ایگزٹ پول سے پوری طرح مختلف ہوں گے۔ بیشتر ایگزٹ پولس میں وزیراعظم نریندر مودی کو متواتر تیسری میعاد ملتی دکھائی گئی ہے۔
کانگریس اور انڈیا بلاک کی دیگر جماعتوں نے ایگزٹ پول سے اختلاف کیا ہے۔
ان کا دعویٰ ہے کہ حکومت ان کی ہی بنے گی۔ پارٹی کے سابق راہول گاندھی نے اتوار کے دن کہا تھا کہ اسے ایگزٹ پول نہیں کہا جاسکتا‘ یہ مودی میڈیا پول ہے۔ کانگریس قائدین کہہ چکے ہیں کہ انڈیا بلاک کو 295 نشستیں ملنے والی ہیں اور اگلی حکومت اسی کی ہوگی۔