ریونت ریڈی کا دورہ امریکہ متوقع
چیف منسٹر ریونت ریڈی، اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے فوری بعد 3 اگست سے امریکہ کے ایک ہفتہ طویل دورے پرروانہ ہوں گے۔
حیدرآباد: چیف منسٹر ریونت ریڈی، اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے فوری بعد 3 اگست سے امریکہ کے ایک ہفتہ طویل دورے پرروانہ ہوں گے۔
چیف منسٹر کا یہ دورہ کافی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ وہ امریکی کمپنیوں کو تلنگانہ میں بڑے پیمانے پر سرمایہ مشغول کرنے کی دعوت دینا چاہتے ہیں۔ اپنے دورہ امریکہ کے دوران ریونت ریڈی، سرمایہ کاروں سے بات چیت کیلئے ڈلاس اور دیگر ریاستوں کا دورہ کریں گے۔
وہ امریکی کمپنیوں کے کچھ سی ای اوز سے بھی ملاقات کریں گے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ چیف منسٹر ممکنہ طور پر آئی ٹی کمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقات کریں گے جن میں مائیکروسافٹ، گوگل اور دیگر معروف سافٹ ویئر کمپنیاں شامل ہیں۔ چیف منسٹر کی دنیا کے امیر ترین شخص اور ٹیسلا کمپنی کے سربراہ ایلون مسک سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔
تاہم، مسک کے ساتھ ان کی ملاقات کی تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر نے ڈاوس میں منعقدہ ورلڈ اکنامک سمٹ میں دنیا کے بڑے بڑے سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کی تھیں اس دوران کچھ امریکی کمپنیوں کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ ریونت ریڈی ان سرمایہ کاروں سے بھی ملاقات کریں گے اور یاد داشت مفاہمت پر ہوئی پیشرفت کا جائزہ لیں گے جو تقریباً 40,000 کروڑ روپے کے قریب ہے۔
چیف منسٹر تلنگانہ کے این آر آئیز سے بھی ملاقات کریں گے اورانہیں بتائیں گے کہ تلنگانہ سرمایہ کاری کیلئے بہترین مقام ہے اور حکومت سرمایہ کاروں کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔
چیف منسٹر امریکی سرکاری وفد سے بھی ملاقات کریں گے اور انہیں ریاست کی تیز رفتار ترقی کا مطالعہ کرنے کیلئے تلنگانہ کا دورہ کرنے کی دعوت دیں گے۔