حیدرآباد
ٹرینڈنگ

کانگریس کو برسراقتدار لانے میں مسلمانوں کا کلیدی رول، ریونت ریڈی کا اعتراف

تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کو اقتدار میں لانے میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں نے کلیدی رول ادا کیا ہے۔

حیدرآباد (منصف نیوزبیورو) تلنگانہ کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کو اقتدار میں لانے میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں نے کلیدی رول ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کے نزدیک ہندو اور مسلمان 2 آنکھوں کی طرح ہیں۔ وہ ریاست کے عوام بالخصوص اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور ان کی تعلیمی، معاشی، روزگار اور دیگر مسائل حل کریں گے۔

تلنگانہ اردو اکیڈیمی، اقلیتی اقامتی تعلیمی ادارہ جات سوسائٹی اور محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے پیر کے روز مجاہد آزادی و ملک کے اولین وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کی 136 ویں یوم پیدائش کے موقع پر رویندرا بھارتی میں منعقدہ یوم اقلیتی بہبود اور یوم قومی تعلیم اور پیشگی ایوارڈ س کی تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں مسلمانوں کی تائید سے کانگریس کو 65اسمبلی حلقوں سے کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دوپریوار ہیں، ایک مودی پریوار اور دوسرا گاندھی پریوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو آزاد کرانے کی تحریک میں مسلمانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔ کانگریس پارٹی اقلیتوں کو اپنا ایک خاندان سمجھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک او رریاست میں اقلیتیں بسااوقات چھوٹی چھوٹی باتوں سے ناراض ہوجاتی ہیں، جب کبھی ضرورت پڑتی ہے وہ کانگریس کی تائید میں کھڑے ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی پریوار ملک کے ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان نفرت کی دیوار کھڑی کرکے انہیں تقسیم کررہاہے۔ وہ مہاراشٹرا اور جھارکھنڈ کے اسمبلی انتخابات کی مہم میں مودی پریوار مذہب کے نام پر عوام میں نفرت پیدا کررہا ہے۔

انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ جھارکھنڈ اور مہاراشٹرا میں مقیم اپنے رشتہ داروں اور دوست احباب کو کانگریس اور اس کی اتحادی جماعتوں کے حق میں ووٹ دینے کا مشورہ دیں۔ انہیں مہاراشٹراجاکر کانگریس اور کانگریس کی اتحادی جماعتوں کی تائید میں مہم چلانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس مسلمانوں کو ووٹ بینک نہیں سمجھتی بلکہ انہیں خاندان کے ارکان کی طرح سمجھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے نفرت کے بازار میں محبت کی دوکان کھول کر بی جے پی اور اس کی اتحادی جماعتوں کو شکست دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ راہول گاندھی کے پاس مودی کو شکست دینے کی طاقت موجود ہے۔ انہیں یقین ہے کہ ملک کے سیکولر عوام اور اقلیتوں کی تائید سے راہول گاندھی ملک کے وزیراعظم کا عہدہ حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ اسمبلی انتخابات میں ایک بھی اقلیتی امیدوار منتخب نہیں ہوا تھا اس لئے ریاستی کابینہ میں اقلیتی وزیر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میں اقلیتوں کو نمائندگی دینے کے لئے محمد علی شبیر کو مشیر برائے ایس سی،ایس ٹی، بی سی اقلیتی بہبو د بنایا گیا ہے۔ وہ ریاست کے 90فیصد عوام کے مسائل حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قانون مقننہ میں اقلیتوں کی نمائندگی کے لئے عامر علی خان کو ایم ایل سی نامزد کیا گیا ہے۔

اقلیتوں کو مختلف کارپوریشن کے صدورنشین کے عہدوں پر نامزد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے مسائل حل کرنے کے لئے سی ایم او آفس میں اقلیتی آفیسر کا تقرر کیا گیا ہے۔

ایک یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے پر مسلمان کو مقرر کیا گیا اس کے علاوہ عدالت میں ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل کے عہدے پر عمران علی خان کا تقرر کیا گیا اس کے علاوہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن میں ایک مسلمان کو نمائندگی دی گئی ہے۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے ٹمریز آن لائنس کمانڈ سنٹر، ٹمریز اینٹی گریٹیڈ ویب سائٹ کا افتتاح کیا۔