حیدرآباد

آصف پاشاہ، غلام یزدانی ایڈوکیٹ اور زاہد علی خان کو مولانا آزاد نیشنل ایوارڈ

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے محکمہ اقلیتی بہبود اور اردو اکیڈیمی کی جانب سے منعقدہ تقسیم ایوارڈز تقریب میں آصف پاشاہ کو علمی خدمات ایوارڈ برائے سال 2019ء پیش کیا۔ یہ ایوارڈ مولانا ابوالکلام آزاد نیشنل ایوارڈز سے منسوب ہے۔

حیدرآباد (منصف نیوزبیورو) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے محکمہ اقلیتی بہبود اور اردو اکیڈیمی کی جانب سے منعقدہ تقسیم ایوارڈز تقریب میں آصف پاشاہ کو علمی خدمات ایوارڈ برائے سال 2019ء پیش کیا۔ یہ ایوارڈ مولانا ابوالکلام آزاد نیشنل ایوارڈز سے منسوب ہے۔

مولانا آزاد نیشنل ایوارڈز کے تحت غلام یزدانی ایڈوکیٹ کو سال 2020ء کے لئے فروغ اردو ایوارڈ عطاء کیا گیا۔ لکشمی دیوی راج کو سال 2021ء کے لئے ثقافتی خدمات کے لئے ایوارڈ عطا ء کیا گیا۔ ایڈیٹر روزنامہ سیاست زاہد علی خان کو علمی، صحافتی اور اردو کی خدمت کا ایوارڈ 2022ء عطاء کیا گیا۔ سابق رکن قانون ساز کونسل سید امین الحسن جعفری کو سال 2023ء کا صحافتی خدمات کا ایوارڈ عطاء کیا گیا۔

پروفیسر محمد نسیم الدین فریس کو سال 2024ء کا ریسرچ اور کرٹیکس میں مخدوم ایوارڈ عطاء کیا گیا۔ سال 2021ء کے لئے جن افراد کو کارنامہ حیات ایوارڈز عطاء کئے گئے ہیں ان میں انجنی کمار گوئل کو شاعری زمرہ میں امجد حیدرآبادی ایوارڈ، طیب پاشاہ قادری کو شاعر ی زمرہ میں سعید شہیدی ایوارڈ، ثریہ جبین کو فکشن میں آغا حیدر حسن ایوارڈ، ڈاکٹر اطہر سلطانہ کو تحقیق و تنقید میں ڈاکٹر محی الدین قادری زور ایوارڈ، ڈاکٹر محمد جعفر کو درس و تدریس میں پروفیسرحبیب الرحمن ایوارڈ، احمد علی خاں کو صحافت میں محبوب حسین جگر ایوارڈ، شیخ احمد کو فروغ اردو میں سرینواس لاہوٹی ایوارڈ شامل ہیں۔ کارنامہ حیات (لائف ٹائم اچیومنٹ) ایوارڈ برائے سال 2022ء کے تحت7 افراد کو دیا گیا۔

شاعری کے زمرہ میں محمد معین الدین امر کو امجد حیدرآبادی ایوارڈ اور الزبیتھ کورین کو سعید شہید ی ایوارڈ دیا گیا۔ نثر زمرہ میں روزنامہ ”منصف“کے طنز و مزاح کالم نویس محمد عبدالحمید عادل کو آغا حیدر حسن ایوارڈ عطاء کیا گیا۔ تحقیق و تنقید کے زمرہ میں ایم اے قادر کو ڈاکٹر محی الدین قادری زور، صحافتی زمرہ میں محمد جاوید علی کو محبوب حسین جگر، درس و تدریس زمرہ میں چاند بی کو پروفیسر حبیب الرحمن اور فروغ اردو میں محمد رفیع الدین فاروقی کو سرینواس لاہوٹی ایوارڈ دیا گیا۔

سال برائے 2023ء کے کارنامہ حیات ایوارڈ کے لئے 17 افراد کو منتخب کیا گیا۔ شاعری زمرہ میں محمد محبوب شریف عرف اطیب اعجاز کو امجد حیدرآبادی اور محمد محبوب خان عرف افسر عثمانی کو سعید شہیدی، نثر زمرہ میں محمد عبدالقدوس کو آغا حیدر حسن، تحقیق و تنقید زمرہ میں ڈاکٹر محمد عبدالقوی کو ڈاکٹر محی الدین قادری زورؔ، درس و تدرسی زمرہ میں محمد محبوب کو پروفیسر حبیب الرحمن، فروغ اردو زمرہ میں رفیعہ نوشین کو سرینواس لاہوٹی اور صحافت کے زمرہ میں محمد عبدالرفیق عرف رفیق شاہی کو محبوب حسین جگر کارنامہ حیات ایوارڈ دیا گیا۔

اس کے علاوہ ٹمریز کے 51طلبہ جنہوں نے جے ای ای، ایمسیٹ اور نیٹ کے ذریعہ ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، آئی آئی ٹی اور انجینئرنگ میں مفت داخلہ حاصل کیا ہیکو تہنیت پیش کی گئی۔ اسپیشل سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود تفسیر اقبال نے خیرمقدمی تقریر کی۔ ریاستی وزیر پونم پربھاکر، مشیر ایس سی، ایس ٹی، بی سی و اقلیت محمد علی شبیر، صدرنشین اردو اکیڈیمی طاہر بن حمدان، صدرنشین ٹمریز محمد فہیم قریشی نے خطاب کیا۔

اس موقع پر صدرنشین حج کمیٹی سید شاہ غلام افضل بیابانی عرف خسرو پاشاہ، صدرنشین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی، صدرنشین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن عبیداللہ کو توال،ارکان کونسل عامر علی (کانگریس)، مرزا رحمت بیگ (ایم آئی ایم) کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ جاوید کمال نے کارروائی چلائیء اور ڈائرکٹراقلیتی بہبود شیخ یاسمین باشاہ نے شکریہ ادا کیا۔