سڑک حادثہ، اسپیشل ڈپٹی کلکٹر ہلاک

امراوتی (آئی اے این ایس) آندھراپردیش کے ضلع انامیا میں پیر کے روز پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں ایک اسپیشل ڈپٹی کلکٹر ہلاک، دیگر 4 زخمی ہوگئے۔
پولیس نے بتایا کہ سمبیلاپلی منڈل کے موضع ایراگنٹالہ کے قریب یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جبکہ دو کار یں آپس میں ٹکرا گئیں۔ 50 سالہ ڈپٹی کلکٹر سگل راما برسر موقع ہلاک ہوگئیں جبکہ اس حادثہ میں دیگر 4 افراد زخمی ہوگئے۔
راما، ضلع میں شکایتی سیل میں کوآرڈنیٹر کے طور پر کام کررہی تھیں۔ ڈپٹی کلکٹر سگل راما، عوامی شکایتوں کی سماعت کے پروگرام میں شرکت کے لئے پلیرو سے رائے چوٹی جارہی تھیں کہ یہ حادثہ پیش آیا۔
زخمیوں کو رائے چوٹی کے ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔ ضلع کلکٹر سریدھر چمکوری نے زخمیوں کی عیادت کی۔ انہوں نے ڈاکٹروں کو ہدایت دی کہ زخمیوں کا بہتر علاج کریں۔
مہلوکہ ڈپٹی کلکٹر، ضلع اننت پور کے کلیان درگم کے متوطن بتائی گئی ہیں۔ چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے سڑک حادثہ میں اسپیشل ڈپٹی کلکٹر کی ہلاکت پر گہرے دکھ کااظہار کیا۔ وزیرتعلیم این لوکیشن نے بھی ڈپٹی کلکٹر کی ہلاکت پر گہرے رنج کااظہار کیا۔