روہت شرما‘ سڈنی ٹسٹ سے باہر۔بمراہ کپتان ہوں گے
روہت شرما کا پانچویں ٹسٹ سے باہر ہونا یقینی سمجھاجا رہاہے۔ روہت کے آؤٹ ہونے سے شبمن گل کی واپسی کی پوری امید ہے جبکہ پرسدھ کرشنا کو پہلی بار آسٹریلیا میں ٹسٹ میچ کھیلنے کا موقع مل سکتاہے۔
سڈنی: بارڈر۔گواسکر ٹرافی اب اپنے آخری مرحلے میں ہے۔ سیریز کا آخری میچ جمعہ 3 جنوری سے سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی ٹیم اس وقت دو۔ایک سے پیچھے ہے۔ ٹرافی کو برقرار رکھنے کیلئے ٹیم انڈیا کو اب یہ میچ کسی بھی قیمت پر جیتنا ہوگا۔ اس کیلئے ٹیم انڈیا آسٹریلیا کے خلاف مضبوط پلیئنگ الیون میدان میں اترنا چاہے گی جس کی تصویر تقریباً واضح ہے۔
روہت شرما کا پانچویں ٹسٹ سے باہر ہونا یقینی سمجھاجا رہاہے۔ روہت کے آؤٹ ہونے سے شبمن گل کی واپسی کی پوری امید ہے جبکہ پرسدھ کرشنا کو پہلی بار آسٹریلیا میں ٹسٹ میچ کھیلنے کا موقع مل سکتاہے۔ روہت کی غیرموجودگی میں ایک مرتبہ پھر بمراہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ ٹیم انڈیا کے کئی اہم کھلاڑی اس وقت ناقص فام میں ہے۔
کپتان روہت شرما‘ سابق کپتان ویراٹ کوہلی‘ کے ایل راہول‘ ریشبھ پنت اور آل راونڈر رویندر جڈیجہ اس سیریز میں پوری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ ایسے پانچویں ٹسٹ میں ان تمام کھلاڑیوں پر بہتر کارکردگی کیلئے شدید دباو رہے گا۔ اطلاعات کے مطابق کے ایل راہول اور ریشبھ پنت کی اس مقابلہ میں شرکت غیریقینی ہے۔
ہیڈکوچ گوتم گمبھیر اس مقابلہ میں پنت کی جگہ دھرو جوریل اور راہول کی جگہ سرفراز خان کو موقع دینے پر غور کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ کپتان روہت شرما کی شرکت بھی غیریقینی دکھائی دیتی ہے۔ گوتم گمبھیر نے میاچ کے ایک دن قبل یعنی آج صبح ایک پریس کانفرنس کی۔
اس دوران میڈیا والوں نے اس سے روہت کی شرکت سے متعلق سوال کیا تو گمبھیر نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا۔ بولنگ کے شعبہ میں بھی ہندوستانی ٹیم میں تبدیلی یقینی ہے۔ فاسٹ بولر آکاش دیپ کمر میں تکلیف کی وجہ سے اس میاچ سے باہر ہوگئے۔
گمبھیر نے کہاکہ آکاش دیپ نے کمر کے نچلے حصہ میں تکلیف کی شکایت کی تھی جس کی وجہ سے وہ میاچ سے باہر ہوگئے ہیں۔ ان کی جگہ پرسدھ کرشنا کو پلیئنگ الیون میں موقع مل سکتا ہے۔ ادھر دوسری جانب آسٹریلیا نے آخری ٹسٹ کیلئے پلیئنگ 11 میں تبدیلی کی ہے۔
کپتان پیاٹ کمنز نے تصدیق کی ہے کہ آل راؤنڈر مچل مارش اس ٹسٹ میچ میں نہیں کھیلیں گے۔ ان کی جگہ بیو ویبسٹر کو پلیئنگ 11 میں شامل کیا گیاہے جو اپنا ٹسٹ ڈیبیو کریں گے۔ آسٹریلیا اس وقت سیریز میں 2-1 سے آگے ہے اور اس کے پاس 2014 کے بعد پہلی بار بارڈر۔گواسکر ٹرافی جیتنے کا موقع ہوگا۔
مارش اس سیریز میں بیاٹ سے اپنی طاقت دکھانے کیلئے جدوجہد کررہے تھے۔ انہوں نے چار ٹسٹ میچوں میں 10.42 فی اننگز کی اوسط سے صرف 73 رنز بنائے۔ کمنز نے میچ سے قبل پریس کانفرنس میں بتایاکہ سلیکٹرز نے آؤٹ آف فارم مارش کو چھوڑنے کا فیصلہ کیاہے جو جاریہ سیریز میں بیاٹ اور گیند دونوں سے متاثر نہیں کرسکے۔
مارش کی جگہ ٹیم میں شامل ویبسٹر آسٹریلیا کیلئے ٹسٹ کھیلنے والے 469 ویں کھلاڑی بن جائیں گے۔ کمنز نے یہ بھی کہاکہ ٹیم کے تیز گیند باز مچل اسٹارک فٹ ہیں اور میچ کھیلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیریز میں برتری حاصل کرنے کے باوجود ہم وننگ کمبی نیشن کو ختم کرنے سے پیچھے نہیں ہٹے اور ویبسٹر کو بین الاقوامی سطح پر خود کو ثابت کرنے کا موقع فراہم کیا۔ میاچ صبح 5.00 بجے سے شروع ہوگا۔