شمال مشرق

یکم دسمبر تک دینی مدارس کے اساتذہ کی تفصیلات فراہم کردی جائیں: حکومت آسام

حکومت آسام نے ریاست کے تمام خانگی مدارس سے کہا ہے کہ وہ اپنے اساتذہ کی تفصیلات اور ان اداروں کے محل وقوع سے واقف کرائیں۔ یکم دسمبر تک یہ معلومات فراہم کردی جانی چاہئے۔

گوہاٹی: حکومت آسام نے ریاست کے تمام خانگی مدارس سے کہا ہے کہ وہ اپنے اساتذہ کی تفصیلات اور ان اداروں کے محل وقوع سے واقف کرائیں۔ یکم دسمبر تک یہ معلومات فراہم کردی جانی چاہئے۔

مدرسوں کو انقلابیوں سے پاک کرنے حکومت کی کوششوں کے ایک حصہ کے طور پر یہ احکام جاری کئے گئے ہیں۔ ریاستی پولیس نے اس مسئلہ پر خانگی مدرسہ بورڈ کے نمائندوں سے اور ریاستی محکمہ تعلیم کے عہدیداروں سے بات چیت کی ہے۔

مدرسوں سے کہا گیا ہے کہ وہ سکنڈری ایجوکیشن بورڈ کے ساتھ درکار معلومات شیئر کریں۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس (ڈی جی پی) بھاسکر جیوتی مہنتا کے مطابق محکمہ تعلیم عنقریب ایک پورٹل شروع کرے گا تاکہ مدارس کے اساتذہ اور مدرسوں کے محل وقوع کے بارے میں معلومات فراہم کرنے میں آسانی ہو۔

جاریہ سال ستمبر میں حکومت نے تین اضلاع میں تین مدارس کو منہدم کردیا تھا اور وہاں ہندوستانی برصغیر میں القاعدہ (اے کیو آئی ایس) اور بنگلہ دیش سے متعلق انصاراللہ بنگلہ ٹیم (اے بی ٹی) کی جہادی سرگرمیوں کے مراکز ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔

آسام میں اے کیو آئی ایس اور اے بی ٹی کے کئی کارکنوں کی گرفتاری کے بعد جو دینی مدارس کے اساتذہ کے طور پر کام کررہے تھے، دینی مدارس‘ سیکورٹی ایجنسیوں کی تحقیقات کے دائرہ میں آگئے ہیں۔ دہشت پسند تنظیموں سے روابط کے الزام میں گزشتہ چند ماہ کے دوران کم ازکم 47 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں مدارس کے اساتذہ بھی شامل ہیں۔

a3w
a3w