کھیل

روہت شرما‘ پاکستان جائیں گے!ہندوستانی کپتان‘ چمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب میں شرکت کا امکان

ٹیم انڈیا اس ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ 20 تاریخ کو دبئی میں کھیلے گی۔ ہر آئی سی سی ٹورنامنٹ سے پہلے، میزبان ملک عام طورپر ٹورنامنٹ میں شریک تمام کپتانوں کی موجودگی میں ایک بڑا ایونٹ منعقد کرتاہے۔

ممبئی: چمپئنز ٹرافی 2025 پاکستان کی میزبانی میں ہائبرڈ ماڈل پر کھیلی جائے گی۔ بی سی سی آئی نے اس ٹورنامنٹ کیلئے ٹیم انڈیا کو پاکستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کیاتھا۔ ایسے میں ٹیم انڈیا اپنے تمام میچ دبئی میں کھیلے گی اور باقی میچ صرف پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں
سمیع، آسٹریلیا دورہ سے باہر ہونے کی خبروں پر ناراض
چمپئنز ٹرافی۔2025: پاکستان کرکٹ بورڈ کی ہندوستانی بورڈ کو خصوصی تجویز
احتجاج کی دھمکی کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم کو سیکوریٹی کی یقین دہرانی کرائی گئی
ہندوستانی ٹیم کو پاکستان لانے نئی تجویز پیش
ایشان کشن اور شریاس ایئر کا سنٹرل کنٹراکٹ ختم، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے باہر کرنے پر بھی غور

 اگر ٹیم انڈیا فائنل میں پہنچتی ہے تو میچ دبئی میں ہی ہوگا، ورنہ فائنل کی میزبانی پاکستان کرے گا۔ ان سب کے درمیان روہت شرما سے جڑی ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیاہے کہ روہت کو ٹورنامنٹ کے آغاز سے پہلے پاکستان جانا پڑسکتا ہے۔ چمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے کراچی میں ہوگا جو 9 مارچ تک جاری رہے گا۔

 ٹیم انڈیا اس ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ 20 تاریخ کو دبئی میں کھیلے گی۔ ہر آئی سی سی ٹورنامنٹ سے پہلے، میزبان ملک عام طورپر ٹورنامنٹ میں شریک تمام کپتانوں کی موجودگی میں ایک بڑا ایونٹ منعقد کرتاہے۔ اس دوران کپتان کا فوٹو شوٹ بھی ہوگا اور پریس کانفرنس بھی کی جائے گی۔ ایسے میں پاکستانی میڈیا میں یہ دعویٰ کیاجا رہاہے کہ روہت اس ایونٹ کیلئے پاکستان کا دورہ کرسکتے ہیں۔

 تاہم کپتان روہت کے دورہ پاکستان کی کوئی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ چمپئنز ٹرافی میں کل 8 ٹیمیں کھیلیں گی جنہیں 2 گروپس میں تقسیم کیاگیا ہے۔ ٹیم انڈیا گروپ اے میں پاکستان، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے ساتھ ہے۔ ٹیم انڈیا اس ٹورنامنٹ میں اپنا ڈیبیو 20 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف کرے گی۔

اس کے بعد ہندوستانی ٹیم اپنا دوسرا میچ 23 فروری کو پاکستان کے خلاف کھیلے گی۔ اس کے بعد گروپ کے اپنے آخری میچ میں اس کا مقابلہ 2 مارچ کو نیوزی لینڈ سے ہوگا۔ گروپ مرحلے کے بعد سیمی فائنل اور فائنل میچ کھیلے جائیں گے۔

 چمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے ٹیم انڈیا کا ابھی تک اعلان نہیں کیاگیا ہے۔ خیال کیاجا رہا ہے کہ سلیکشن کمیٹی کا اجلاس 18 یا 19 جنوری کو ہوگا جس کے بعد ٹیم کا اعلان کیا جائے گا۔ اس بڑے ٹورنامنٹ سے پہلے ہندوستانی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف 3 میچوں کی ونڈے سیریز بھی کھیلنی ہے۔ اس سیریز کیلئے ابھی تک ہندوستانی ٹیم کا انتخاب نہیں کیاگیاہے۔