بھارت

چینی دراندازی کے معاملے پر راجیہ سبھا میں اپوزیشن کا زبردست ہنگامہ

اس کے بعد کانگریس سمیت اپوزیشن کے تمام اراکین نے چینی دراندازی کے معاملے پر بحث کے لئے نعرے بازی شروع کردی اور اسپیکر کی کرسی کے سامنے آگئے۔

نئی دہلی: اروناچل پردیش کے توانگ علاقے میں چینی فوجیوں کی دراندازی کے معاملے پر راجیہ سبھا میں منگل کو کانگریس سمیت تمام اپوزیشن نے زبردست ہنگامہ کیا، جس کے باعث ایوان کی کارروائی 12 بجے تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔

ڈپٹی اسپیکر ہری ونش نے صبح ایوان کی کارروائی شروع کرتے ہوئے کہا کہ قائد حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے نے قاعدہ 267 کے تحت نوٹس دیا ہے۔ انہوں نے مسٹر کھڑگے سے کہا کہ وہ اپنا بیان پڑھ کر سنائیں۔

قائد حزب اختلاف نے اپنے بیان میں چین کی دراندازی کا معاملہ اٹھایا اور حکومت سے بیان دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس پر بحث کرنے کو کہا۔ ایوان کے قائد پیوش گوئل نے کہا کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اس مسئلہ پر ایوان میں وقفہ سوال کے دوران 12:30 بجے بیان دیں گے۔

اس کی مخالفت کرتے ہوئے کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے کہا کہ حکومت کو ایوان میں چینی دراندازی کے معاملے پر بحث کرانے کے حوالے سے اپنا موقف واضح کرنا چاہئے۔

اس دوران مسٹر ہری ونش نے ایوان کے میز پر ضروری دستاویزات رکھوائے اور وقفہ سوالات چلانے کی کوشش کی۔ اس کے بعد کانگریس سمیت اپوزیشن کے تمام اراکین نے چینی دراندازی کے معاملے پر بحث کے لئے نعرے بازی شروع کردی اور اسپیکر کی کرسی کے سامنے آگئے۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے مسٹرہری ونش نے ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کر دی۔