سچن پائلٹ کا اپنی ہی حکومت کے خلاف دھرنا
سچن پائلٹ نے سماجی مصلح جیوتی راؤ پھولے کی تصویر پر پھول مال چڑھانے کے بعد 11 بجے تا 4 بجے دن بھوک ہڑتال کی۔ مقام ِ احتجاج پر جو بیانر لگایا گیا تھا اس پر ہندی میں ”وسندھرا سرکار میں ہوئے بھرشٹاچار کے ویرودھ انشن“ لکھا تھا۔

جئے پور: کانگریس کی وارننگ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے راجستھان کے سابق ڈپٹی چیف منسٹر سچن پائلٹ نے منگل کے دن جئے پور کے شہید اسمارگ پر ایک روزہ بھوک ہڑتال کی۔ ان کا مطالبہ ہے کہ ریاست میں پچھلی بی جے پی حکومت کے خلاف کرپشن کے کیسس میں کارروائی کی جائے۔
سچن پائلٹ نے چیف منسٹر اشوک گہلوت کے خلاف محاذ کھول دیا ہے جن کے ساتھ ان کا ٹکراؤ دسمبر 2018 میں صحرائی ریاست میں کانگریس کی حکومت بننے کے بعد سے جاری ہے۔ ریاست میں کانگریس جس وقت برسراقتدار آئی تھی اس وقت سچن پائلٹ‘ صدر پردیش کانگریس تھے۔
کانگریس انچارج راجستھان سکھجیندر سنگھ رندھاوا کی وارننگ نظرانداز کرتے ہوئے سچن پائلٹ نے بھوک ہڑتال کی۔ رندھاوا نے کہا تھا کہ ریاستی حکومت کے خلاف ایسا کوئی بھی احتجاج مخالف پارٹی سرگرمی کے مترادف ہوگا اور یہ پارٹی کے مفاد میں نہیں ہوگا۔
سچن پائلٹ نے سماجی مصلح جیوتی راؤ پھولے کی تصویر پر پھول مال چڑھانے کے بعد 11 بجے تا 4 بجے دن بھوک ہڑتال کی۔ مقام ِ احتجاج پر جو بیانر لگایا گیا تھا اس پر ہندی میں ”وسندھرا سرکار میں ہوئے بھرشٹاچار کے ویرودھ انشن“ لکھا تھا۔
برسراقتدار جماعت کا کوئی بھی رکن اسمبلی نہیں آیا کیونکہ پائلٹ نے ان سے نہ آنے کو کہہ دیا تھا لیکن کئی دیگر قائدین اور سچن پائلٹ کے حامی موجود تھے۔ سچن پائلٹ نے ہڑتال کرنے کے فیصلہ کا اعلان اتوار کے دن جئے پور میں پریس کانفرنس میں کیا تھا۔
انہوں نے اشوک گہلوت حکومت کو نشانہ ئ تنقید بنایا تھا کہ وہ پچھلی بی جے پی حکومت کے خلاف کرپشن کے معاملوں میں کوئی کارروائی نہیں کررہی ہے۔ پائلٹ کے احتجاج اور کانگریس میں گروہ بندی کو پارٹی ہائی کمانڈ پر آئندہ سال کے اواخر میں منعقد شدنی اسمبلی الیکشن سے قبل ریاست میں قیادت کا مسئلہ حل کرنے کے لئے دباؤ ڈالنے کی کوشش کے طورپر دیکھا جارہا ہے۔
رندھاوا نے سچن پائلٹ کے مجوزہ دھرنا پر سخت اعتراض کرتے ہوئے پیر کی رات کہا تھا کہ سابق مرکزی وزیر کا ایک روزہ احتجاج پارٹی مفادات کے خلاف ہوگا۔ انہیں اپنی حکومت سے اگر کوئی مسئلہ ہے تو اس پر میڈیا اور پبلک میں جانے کے بجائے پارٹی فورم میں بات ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں 5 ماہ سے اے آئی سی سی انچارج راجستھان ہوں لیکن اس دوران سچن پائلٹ نے مجھ سے ایسے کسی مسئلہ پر کبھی کوئی بات نہیں کی۔