سندیش کھالی واقعات بی جے پی کی کارستانی: ممتابنرجی
ممتابنرجی نے ایکس پرپوسٹ میں کہاکہ میں‘ عرصہ سے کہہ رہی ہوں کہ بی جے پی‘ سندیش کھالی واقعہ کے ذریعہ بنگال کی امیج خراب کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

کولکتہ: چیف منسٹر مغربی بنگال‘ممتابنرجی نے اتوار کے دن الزام عائد کیاکہ سندیش کھالی واقعات بی جے پی کی کارستانی ہے تاکہ ریاست کو بدنام کیاجائے۔ سندیش کھالی میں ترنمول کانگریس قائدین پر جنسی ہراسانی کے الزامات لگے تھے۔
پارٹی نے ہفتہ کے دن سوشیل میڈیاپرایک ویڈیوجاری کیااور دعویٰ کیاکہ فوٹیج سے ترنمول کانگریس کا یہ موقف درست ثابت ہوتا ہے کہ سندیش کھالی معاملہ میں بی جے پی کا ہاتھ ہے۔ ممتابنرجی نے ایکس پرپوسٹ میں کہاکہ میں‘ عرصہ سے کہہ رہی ہوں کہ بی جے پی‘ سندیش کھالی واقعہ کے ذریعہ بنگال کی امیج خراب کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
اسٹنگ آپریشن سے بنگلہ دشمنوں کا حقیقی چہرہ بے نقاب ہوگیا۔ 13مئی کوراناگھاٹ کے لوگوں کو یہ یقینی بناناچاہئیے کہ بنگلہ دشمنوں کا بنگال سے صفایاہوجائے۔
ویڈیو میں گنگادھرکیال نامی شخص کو جو شمالی چوبیس پرگنہ ضلع کے سندیش کھالی میں بی جے پی کا منڈل صدر ہے یہ کہتے سناجاسکتا ہے کہ ساری سازش کے پیچھے قائداپوزیشن مغربی بنگال اسمبلی سویندوادھیکاری ہیں۔ پی ٹی آئی‘ ٹی ایم سی کی پوسٹ کردہ ویڈیوکے مستندہونے کی توثیق نہیں کرتی۔
بی جے پی کے مقامی قائد کو یہ بھی کہتے سناجاسکتا ہے کہ نندی گرام کے رکن اسمبلی سویندوادھیکاری نے خود سندیش کھالی کے مکان میں بندوقیں رکھوائیں جنہیں بعد میں مرکزی ایجنسیوں کی ضبط کردہ بندوقیں دکھایاگیا۔
بی جے پی کے سابق ریاستی صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ مبینہ اسٹنگ ویڈیو کا مغربی بنگال لوک سبھا الیکشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندیش کھالی میں بی جے پی نے نہیں بلکہ عوام نے احتجاج کیاتھا۔ ٹی ایم سی کے مقامی قائدین کی ظلم وزیادتی کے خلاف مقامی لوگ سڑکوں پر نکلے تھے۔
سویندوادھیکاری نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ویڈیوسے چھیڑچھاڑہوئی ہے۔ گنگادھرکیال نے بھی سی بی آئی سے شکایت کی کہ ویڈیو میں مارفنگ ہوئی ہے اور اسے اے آئی(مصنوعی ذہانت) سے بنایاگیا۔