مہاراشٹرا

دبئی میں ہند۔پاک میاچ کے خلاف ’سندوررکھشا‘مہم شروع کی جائے گی: شیوسینا(یوبی ٹی) (ویڈیو)

شیوسینا۔ادھوبالاصاحب ٹھاکرے (یوبی ٹی) گروپ نے جمعرات کے روز اعلان کیا کہ وہ دبئی میں 14 ستمبر کو مقرر ہند۔پاک ایشیاء کپ میاچ کے خلاف احتجاج کرے گا۔ اِس مقصد کیلئے ”سندوررکھشا“ (میرا کُم کُم، میرا ملک) تحریک شروع کی جائے گی۔

ممبئی: شیوسینا۔ادھوبالاصاحب ٹھاکرے (یوبی ٹی) گروپ نے جمعرات کے روز اعلان کیا کہ وہ دبئی میں 14 ستمبر کو مقرر ہند۔پاک ایشیاء کپ میاچ کے خلاف احتجاج کرے گا۔ اِس مقصد کیلئے ”سندوررکھشا“ (میرا کُم کُم، میرا ملک) تحریک شروع کی جائے گی۔

شیوسینا (یوبی ٹی) کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے جمعرات کے روز کہا کہ مہاراشٹرا کی ہزاروں خواتین دھوکہ دہی اور غداری کے خلاف بالخصوص ہند۔پاک کرکٹ میاچ کی اجازت دینے پر بطورِ احتجاج اپنے گھروں سے وزیراعظم نریندر مودی کو ”سندور“ روانہ کریں گی۔ راوت نے کہا کہ پہلگام دہشت گرد حملے میں اپنے پیاروں کو کھودینے والی 26ماؤں اور بہنوں کی آہیں بھی تھمی نہیں ہیں۔ ان کا غم ہنوز تازہ ہے۔

آپریشن سندور دہشت گرد پاکستان کی کمر توڑنے کیلئے شروع کیا گیا تھا اور وہ بھی ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ اس کے باوجود 14 ستمبر کو ابوظہبی میں ہند۔پاک کرکٹ میاچ منعقد کیا جارہا ہے۔ بی جے پی کے وزرأ یقینا اسٹانٹس میں موجود رہیں گے۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کا لڑکا جئے شاہ ہندوستان میں کرکٹ کی سپریم اتھاریٹی ہے جبکہ امیت شاہ خود ہمیں ملک سے محبت پر لکچر دیتے رہتے ہیں۔

ان کا دعویٰ ہے کہ شیوسینا (یو بی ٹی) اپنی اصل آئیڈیالوجی سے بھٹک گئی ہے لیکن ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ایسا نہیں ہے۔ اس غداری کی مخالفت کرنے شیوسینا (یو بی ٹی) کا شعبہ خواتین اتوار کے روز ملک میں ”سندور رکھشا“ تحریک شروع کرے گا۔ سنجے راوت نے مزید کہا کہ مہاراشٹرا کی ہزاروں خواتین وزیرمودی کو اپنے گھروں سے سندور بھیجیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سندور کی عزت کرتے ہوئے شیوسینا اِس پیام کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہیکہ ”سندور کے سمان میں، شیوسینا میدان“۔ راوت نے کہا کہ پارٹی صدر ادھوٹھاکرے نے اِس ضمن میں ایک اجلاس طلب کیا تھا اور یہ فیصلہ لیا ہے۔ انہوں نے اِس بات کو دہرایا کہ ہند۔پاک کرکٹ میاچ عوام کے جذبات کے خلاف ہے۔

وزیراعظم اور وزیر دفاع نے کہا تھا کہ ہندوستان، پاکستان کی کمرتوڑ دے گا اور خون اور پانی ایک ساتھ نہیں بہہ سکتے تو پھر خون اور کرکٹ کس طرح ایک ساتھ بہہ سکتے ہیں؟۔ راوت نے بھارتیہ جنتا پارٹی، وشواہندوپریشد اور راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کو چیالنج کیا ہے کہ وہ مجوزہ میاچ پر اپنے موقف کی وضاحت کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شیوسینا کے بانی بال ٹھاکرے نے ہند۔پاک کے درمیان کرکٹ تعلقات کی مخالفت کی تھی۔ جب جاوید میاں داد ہمارے گھر آئے تھے تو بال ٹھاکرے نے ان سے کہا تھا کہ وہ چائے پئیں اور چلے جائیں۔ ہم یہاں ایسے میاچس کو فروغ دینے کیلئے نہیں ہیں۔