بل کی تائید کرنے والے 21 ویں صدی کے سب سے بڑے غدار کہلائیں گے: سنجے راوت
شیو سینا (یو بی ٹی) کے رکن پارلیمنٹ نے حلقوں کی ازسرنو حد بندی کے مجوزہ بل کو جمہوری اختیارات پر حملہ قرار دیا۔ الزام عائد کیا کہ بل کی حمایت کے لیے ارکان پارلیمنٹ کو 150 کروڑ روپے کی پیشکش کی جارہی ہے۔
ممبئی (آئی اے این ایس) شیو سینا (یو بی ٹی) رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے جمعہ کے دن بھارتیہ جنتا پارٹی کو حلقوں کی ازسر حد بندی کے مجوزہ قانون کے حوالہ سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہریوں کو اختیارات سے محروم کرنے کی سازش ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جو بھی پارٹی اس کی تائید کرے گی اسے سخت مذمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
جاریہ ماہ کے آخر میں پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس سے قبل جاری ایک بیان میں سنجے راوت نے کہا کہ اگر شیوسینا کے بانی بال ٹھاکرے زندہ ہوتے یا این سی پی۔ایس پی سربراہ شرد پوار بیمار نہ ہوتے تو کرپٹ طریقہ سے یہ بل پارلیمنٹ میں پیش نہ ہوتا۔ سنجے راوت نے حلقوں کی از سر نو حد بندی کو ملک کے شہریوں سے اختیارات چھین لینے کا بی جے پی کا حربہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس بل کی جو بھی تائید کرے گا وہ ملک کے شہریوں سے غداری کرے گا۔ وہ اکیسویں صدی کا سب سے بڑا غدار کہلائے گا۔ انہوں نے ہر محب وطن جمہوری جماعت سے خواہش کی کہ وہ پارلیمنٹ میں اس بل کو مسترد کردے۔ سنجے راوت نے یہ بھی سنسنی خیز الزام عائد کیا کہ حلقوں کی از سر نو حد بندی کے بل کو کراس ووٹنگ کے ذریعہ منظور کرانے ہر رکن پارلیمنٹ کا 150 کروڑ روپئے کا ریٹ مقرر کیا گیا ہے۔
اسے خواتین تحفظات بل کے لبادہ میں پیش کیا جارہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہر ریاست میں معاملت کو قطعیت دینے کے لئے ایجنٹس مقرر کئے گئے ہیں۔ مہاراشٹرا میں بی جے پی کے دو ارکان پارلیمنٹ کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔ ان میں ایک کا تعلق جھارکھنڈ سے اور دوسرے کا آندھراپردیش سے ہے۔
سنجے راوت نے کہا کہ جو بھی رکن پارلیمنٹ اس بل کے حق میں ووٹ دے گا اس کے تعلق سے سمجھ لیا جائے گا کہ اس نے 150 کروڑروپئے لئے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عوام اور تاریخ ایسے لوگوں کو ملک کے غدار کے طورپر یاد رکھیں گے۔ تاریخ غداروں کی نام ہمیشہ یاد رکھتی ہے۔ سنجے راوت نے دعویٰ کیا کہ 2029کے عام انتخابات میں بی ج پی کو شکست کا سامنا ہے۔
اسی لئے وہ حلقوں کی ازسرنو حد بندی کی کوشش میں ہے تاکہ وہ ہمیشہ برسراقتدار رہے۔ وہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں اور ووٹ چوری کے معاملہ میں بے نقاب ہوچکی ہے۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا ادھوٹھاکرے سے بی جے پی نے ربط پیدا کیا ہے سنجے راوت نے کہا کہ رابطے ہوتے رہتے ہیں لیکن ادھو ٹھاکرے کا موقف بالکل واضح ہے۔ سنجے راوت نے کہا کہ ان کی پارٹی اس بل کی مخالفت کرے گی۔