تلنگانہ

سرکاری محکموں میں عنقریب 25ہزار جائیدادوں پر تقررات۔چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اعلان

چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے سرکاری محکموں میں مزید 25 ہزار مخلوعہ جائیدادوں پر عنقریب تقررات کرنے کا اعلان کیا۔ اس طرح وہ ایک لاکھ سرکاری ملازمتوں کی فراہمی کے عمل کو مکمل کریں گے۔

حیدرآباد: چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے سرکاری محکموں میں مزید 25 ہزار مخلوعہ جائیدادوں پر عنقریب تقررات کرنے کا اعلان کیا۔ اس طرح وہ ایک لاکھ سرکاری ملازمتوں کی فراہمی کے عمل کو مکمل کریں گے۔

اے ریونت ریڈی آج ا چم پیٹ میں اندراماں ساڑیوں کی تقسیم کا افتتاح کرنے کے بعد منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہاکہ ریاستی حکومت نے ایس سی طبقہ کی درجہ بندی کو لاگو کرنے کے اقدامات کے ہیں۔ ذات پات کی مردم شماری کراتے ہوئے انہوں نے ملک کیلئے ایک مثال قائم کی ہے۔

انہوں نے اس مسئلہ پر وزیر اعظم نریندرمودی کو چالینج کیا اور انہوں نے بی جے پی اور بی آر ایس کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کے مرکزی وزراء بنڈی سنجے، جی کشن ریڈی اور بی جے پی کے ریاستی صدر رام چندرراؤ جتنی بھی کوشش کرلیں، تلنگانہ میں بی جے پی کو اقتدار ملنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے بی آر ایس قائدین سے مطالبہ کیاکہ وہ اپنے 10 سال کے اقتدار کے دوران کئے گئے کاموں کے بارے میں عوام کو جواب دیں۔

بی آر ایس قائدین کو ریاست میں دوبارہ اقتدار میں آنے کا خواب نہ دیکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے بی جے پی اور بی آر ایس کو چالینج کیا کہ وہ ایک ساتھ اسمبلی میں آئیں اور اسمبلی میں مباحث میں حصہ لے کر ان سے پوچھے گئے سوالوں کا جواب دیں۔ انہوں نے کہاکہ ان کی پارٹی، عوام کیلئے کام کررہی ہے۔ ریونت ریڈی نے یقین ظاہر کیا کہ کانگریس پارٹی 2034 تک ریاست میں میں اقتدار میں رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ اچم پیٹ کو تمام شعبوں میں ترقی دیں گے۔

پالمور علاقہ کو آبپاشی کیلئے پانی فراہم کریں گے اور عوام کی فلاح وبہبود کو ترجیح دیں گے۔ سابق چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کے سی آر پر الزام عائد کیاکہ وہ اقتدار کھونے کے بعد فارم ہاؤس تک محدود ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوام فیصلہ کریں گے کہ عوام کے مسائل کی پرواہ نہ کرنے پر انہیں کیوں نہ اور کس طرح سزاء دی جائے۔

ا نہوں نے سابق بی آر ایس حکومت پر تلنگانہ کو امیر ریاست سے قرضدار ریاست میں تبدیل کرنے کا الزام عائد کیا۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں 8.11 لاکھ کروڑ روپئے کا قرض حاصل کیا گیا تھا کانگریس حکومت نے 3 سال کے دوران کسانوں کی ترقی 1.78 لاکھ کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ان کی حکومت اندرا گاندھی کے جذبہ کے ساتھ کام کررہی ہے۔ حکومت کی جانب سے اندراماں گھر، اندراماں ساڑیاں، اندراماں کٹمباچیوتا بیمہ اسکیمات پر عمل آوری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان کی حکومت ایک کروڑ خواتین کو لکھ پتی بنانے کے مقصد سے کام کررہی ہے۔ حکومت کی پالیسی غریبوں کا دل سے خیال رکھنا ہے۔