حدبندی سے مربوط خواتین تحفظات بل کو مرکزی کابینہ کی منظوری
مرکزی کابینہ نے جمعہ کے دن حلقوں کی از سر نو حد بندی سے جڑے خواتین تحفظات بل کو منظوری دے دی۔ اس بل کا مقصد تمام ریاستوں کی لوک سبھا نشستوں میں یکساں 50 فیصد کا اضافہ کرنا ہے۔
نئی دہلی (پی ٹی آئی) مرکزی کابینہ نے جمعہ کے دن حلقوں کی از سر نو حد بندی سے جڑے خواتین تحفظات بل کو منظوری دے دی۔ اس بل کا مقصد تمام ریاستوں کی لوک سبھا نشستوں میں یکساں 50 فیصد کا اضافہ کرنا ہے۔
امکان ہے کہ یہ بل آئندہ ہفتہ پارلیمنٹ کی خصوصی بیٹھک میں پیش ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی کابینہ نے تازہ بل کو بعض ترامیم کے ساتھ منظوری دی تاکہ کوئی بھی ریاست حلقوں کی از سر نو حد بندی کے بعد دوسری ریاستوں کی تناسب سے اپنی نمائندگی سے محروم نہ ہو۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت ہر ریاست کی لوک سبھا نشستیں 50 فیصد بڑھانے پر آمادہ ہوگئی ہے۔
وہ جنوبی ریاستوں کی تشویش دور کرنا چاہتی ہے۔ یہ نشستیں 2051 تک منجمد رہیں گی۔ نئے بل میں نشستیں بڑھانے کے لئے 2011 کی مردم شماری پر انحصار کیا جائے گا۔ حکومت ہر ریاست کی لوک سبھا نشستوں کی تعداد کو نا چھیڑتے ہوئے نئے پارلیمانی حلقے بنانا چاہتی ہے۔ مجوزہ ترمیم کے تحت لوک سبھا کی نشستیں موجودہ 543 سے بڑھاکر 850 کردینے کی تجویز ہے۔
سرکاری بنچس کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں 2029 کے عام انتخابات سے قبل عورتوں کے لئے 33 فیصد کوٹہ لاگو کرنے کی راہ ہموار ہوجائے گی۔ کابینی اجلاس آج دوپہر ایک بجے سیواتیرتھ میں وزیراعظم کی صدارت میں منعقد ہوا۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ اب اس کے پاس اتنے نمبر ہیں کہ وہ اس بل کو آسانی سے منظور کراسکتی ہے۔
دستوری ترمیمی بل کی منظوری کے لئے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی دوتہائی اکثریت ضروری ہوتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی ایم کے، این سی پی اور بی آر ایس بل کی تائید کرسکتی ہیں۔
اپوزیشن انڈیا بلاک اس بل کے خلاف ہے۔ وہ پارلیمنٹ میں اپنی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کے لئے ہفتہ کے دن میٹنگ کررہا ہے۔ حکومت نے 30نومبر اور یکم دسمبر کو لوک سبھا اور 2-3 دسمبر کو راجیہ سبھا کا خصوصی اجلاس طلب کیا ہے۔