کھیل

سرفراز کو پلیئنگ الیون میں موقع ملناچاہئے:ڈیویلرس

ڈیویلرس نے کہاکہ یہ میرے لیے بہت پرجوش ہے، سرفراز کا فرسٹ کلاس کرکٹ میں شاندار ریکارڈ ہے اور اگر کوئی اس کا مستحق ہے تو وہ ضرور سرفراز ہے

نئی دہلی: ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرا ٹسٹ جمعہ 2 فروری سے کھیلا جائے گا۔ جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز اے بی ڈیویلرس نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں سرفراز خان کے کھیلنے کی حمایت کی ہے۔ ڈیویلرس نے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے ہوئے سرفراز کی مسلسل شاندار کارکردگی کی تعریف کی۔

 45 فرسٹ کلاس میاچس کھیل کر 26 سالہ سرفراز خان نے 69.85 کی اوسط اور 70.48 کے اسٹرائیک ریٹ سے 3 ہزار 912 رنز بنائے ہیں جس میں 14 سنچریاں اور 11 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ڈیویلرس نے اپنے یوٹیوب چینل پر سرفراز کے بارے میں بات کی۔

 انہوں نے کہاکہ یہ میرے لیے بہت پرجوش ہے، سرفراز کا فرسٹ کلاس کرکٹ میں شاندار ریکارڈ ہے اور اگر کوئی اس کا مستحق ہے تو وہ ضرور سرفراز ہے۔ ڈیویلرس نے کہاکہ سرفراز نے 66 اننگز کھیلی ہیں جس میں انہوں نے 3912 رنز بنائے ہیں اور ان کی اوسط 69.85 ہے۔

 اس کے علاوہ 14 سنچریاں اور 11 نصف سنچریاں کوئی عام بات نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ یہ ایک بہت اچھا فرسٹ کلاس ریکارڈ ہے۔ میں جانتا ہوں کہ یہ انگلینڈ کے خلاف بین الاقوامی کرکٹ کے سب سے بڑے اسٹیج پر ایک بڑا قدم ہے۔ مجھے امید ہے کہ اسے موقع ملے گا کیونکہ رجت پاٹیدار بھی اچھا کھیل رہے ہیں۔

واضح رہے کہ احمدآباد اسٹیڈیم میں انگلینڈ لائنز کے خلاف انڈیا اے کے چار روزہ غیر سرکاری ٹسٹ میں پلیئر آف دی میچ قرار دیئے جانے کے بعد سرفراز زبردست فارم میں ہیں۔