سرفراز خان کے چھوٹے بھائی مشیرخان کی ٹرپل سنچری
بڑے میاں تو بڑے میاں، چھوٹے میاں سبحان اللہ‘ امیتابھ بچن اور گووندا کا یہ گانا اس وقت سرفراز خان اور ان کے بھائی مشیر خان پر بالکل فٹ بیٹھتا ہے۔
ممبئی: بڑے میاں تو بڑے میاں، چھوٹے میاں سبحان اللہ‘ امیتابھ بچن اور گووندا کا یہ گانا اس وقت سرفراز خان اور ان کے بھائی مشیر خان پر بالکل فٹ بیٹھتا ہے۔
رانجی ٹرافی میں اس وقت سرفراز کے بیاٹ میں آگ لگی ہوئی ہے۔ اب ان کے چھوٹے بھائی مشیر خان نے بھی ہنگامہ کھڑا کردیا۔ مشیر نے ٹرپل سنچری لگائی۔ مشیر کو ماضی میں ممبئی کی رانجی ٹیم سے باہر نکال دیا گیا تھا اور اب انہوں نے سی کے نائیڈو ٹرافی میں حیدرآباد کے خلاف ممبئی کیلئے ٹرپل سنچری بنائی ہے۔
کھانے کے وقفے تک انہوں نے 358 گیندوں میں 320 رنز بنائے۔ اس دوران مشیر نے 33 چوکے اور 7 چھکے لگائے۔ مشیر نے دسمبر میں سوراشٹرا کے خلاف اپنا فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا۔ انہوں نے رانجی ٹرافی کے اس سیزن میں ممبئی کیلئے 3 میچ کھیلے لیکن وہ توقعات پر پورا نہیں اترسکے۔ 3 میچوں کی 5 اننگز میں مشیر صرف ایک بار 25 سے زیادہ رنز بناسکے۔
انہوں نے آسام کے خلاف 42 رنز بنائے۔ جو فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی سب سے بڑی اننگز ہے۔ اس میچ میں انہوں نے 11 رنز کے عوض 2 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ مشیر نے آخری رانجی میچ دہلی کے خلاف کھیلا تھا اور اس کے بعد وہ ٹیم سے باہر ہوگئے تھے۔
اب اس نے اپنی کلاس دکھا دی۔ مشیر کی تیز بلے بازی کی بنیاد پر ممبئی نے کھانے کے وقفے تک 5 وکٹوں پر 625 رنز بنالیے تھے۔ کریز پر کپتان اتھروا انکولیکر ان کا ساتھ دے رہے ہیں جنہوں نے ڈبل سنچری بنائی۔ مشیر تیزی سے 400 رنز مکمل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔
دوسری طرف اتھروا کی نظریں ٹرپل سنچری پر ہیں۔ مشیر کے بھائی سرفراز کی بات کریں تو انہوں نے گزشتہ 10 میچوں میں 4 سنچریاں اور ایک نصف سنچری اسکور کی ہے۔ وہ اس وقت زبردست فارم میں چل رہے ہیں جس کی وجہ سے انہیں جلد ہی ٹیم انڈیا میں شامل کیاجاسکتاہے۔